
گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کی نمازِ جنازہ ادا، سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک
اسلام آباد میں ایک خاتون کی جان بچاتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے پاکستان فضائیہ کے گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کی نمازِ جنازہ آج ادا کر دی گئی۔
شہید افسر کو ان کی غیر معمولی بہادری، بے لوث خدمت اور فرض شناسی کے اعتراف میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا گیا۔
نمازِ جنازہ میں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، پاک فضائیہ کے سینئر افسران، فضائی اہلکاروں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور شہید افسر کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کی عظیم قربانی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی شہادت پاکستان فضائیہ اور پاک مسلح افواج کی بہترین روایات کی عکاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک بے گناہ شہری کی جان بچاتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید نے یہ ثابت کیا کہ پاک فضائیہ کے افسران اور جوان نہ صرف ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار رہتے ہیں بلکہ اپنے ہم وطنوں کی جان، عزت اور وقار کے تحفظ کے لیے بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کرتے۔
ایئر چیف نے کہا کہ گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کی جرات، فرض شناسی اور ایثار ہمیشہ قوم اور مسلح افواج کے لیے باعثِ فخر اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہے گی۔















