بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

چین میں پاکستانی سفیر کا این ایل سی لاجسٹکس سینٹر کا دورہ، پاک چین تجارت کے فروغ میں کردار کو سراہا

چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے کاشغر میں نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (این ایل سی) کے لاجسٹکس سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہیں سرحد پار لاجسٹکس آپریشنز اور جدید سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

دورے کے دوران سفیر خلیل ہاشمی نے پاکستان اور چین کے درمیان تجارت کے فروغ اور باہمی رابطوں کو مضبوط بنانے میں این ایل سی کے کردار کو سراہتے ہوئے اسے قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کاشغر اور تاشقرغان میں این ایل سی کی قائم کردہ سہولیات دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کے فروغ میں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ این ایل سی کے لاجسٹکس مراکز چین کے ساتھ ساتھ وسطی ایشیائی ممالک، جن میں قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان شامل ہیں، تک سامان کی بلا تعطل ترسیل کو یقینی بنا رہے ہیں، جبکہ ان کے ذریعے عالمی منڈیوں تک رسائی بھی آسان ہو رہی ہے۔

حکام نے بتایا کہ نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کی کامیابی میں بھی فعال اور کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے این ایل سی نے چین میں اپنی مکمل ملکیتی لاجسٹکس کمپنی بھی قائم کر رکھی ہے۔

بریفنگ کے مطابق این ایل سی کے جدید ٹرانسپورٹ نظام اور گاڑیاں پاکستان اور چین کے درمیان تجارتی روابط کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، جبکہ اس کی خدمات دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تجارتی تعاون کو نئی جہت فراہم کر رہی ہیں۔

اشتہار

یہ بھی پڑھیے

Back to top button