بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026، ارجنٹینا کیپ ورڈی کو شکست دیکر پری کوارٹر فائنل مرحلہ میں پہنچ گیا

فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے راؤنڈ آف 32 میں ارجنٹینا نے سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلے کے بعد کیپ ورڈی کو شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔فیفا ورلڈ کپ کے راؤنڈ آف 32 میں ارجنٹینا نے پہلی مرتبہ ورلڈ کپ میں شریک کیپ ورڈی کو اضافی وقت میں2-3کے اسکور سے شکست دی۔

میامی میں کھیلا گیا یہ میچ دلچسپ اور سنسنی خیز رہا، کیپ ورڈی نے 2 مرتبہ خسارے میں جانے کے باوجود میچ برابر کیا۔پہلے ارجنٹینا نے میسی کے گول کی بدولت برتری حاصل کی تھی، یہ گول اسٹار کھلاڑ ی نے 29ویں منٹ میں اسکور کیا۔ جاری ورلڈ کپ میں یہ اُن کا ساتواں گول تھا۔

59ویں منٹ میں کیپ ورڈی کی جانب سے ڈوآرٹے نے گول برابر کیا۔ دوسرے ہاف میں ارجنٹینا کو گول کرنے کے 2 سنہری مواقع ملے مگر دونوں مرتبہ کیپ ورڈی کے گول کیپر ووزینا اُن کے آڑے آگئے ۔کھیل کے مقررہ وقت تک مقابلہ 1-1 گول سے برابر رہا ۔ اضافی وقت کا کھیل شروع ہوا تو ارجنٹینا کے لیسینڈرو مارٹینز نے 92ویں منٹ میں گول کرکے ارجنٹینا کو برتردی دلادی۔

کیپ ورڈی کے سڈنی کیبریل نے ایک شاندار کک کے ذریعے ارجنٹینا کے گول کیپر کو بے بس کرکے مقابلہ 2-2 گول سے برابر کردیا۔اضافی وقت کے دوسرے ہاف میں کیپ ورڈی کے کھلاڑی ڈنی بورگس کی غلطی سے گیند اُن ہی کی ٹیم کے جال میں چلی گئی جس کے سبب ارجنٹینا کو 2-3 کی برتری مل گئی۔

اضافی وقت کے بقیہ ٹائم میں کیپ ورڈی کے کھلاڑیوں نے گول برابر کرنے کی بھرپور کوشش کی مگر قسمت نے اُن کا ساتھ نہیں دیا۔یوں یہ میچ ارجنٹینا نے 2-3 سے جیت کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔

پری کوارٹر فائنل میں ارجنٹینا کی ٹیم مصر کے خلاف کھیلے گی۔ارجنٹینا اور مصر کے درمیان میچ 7 جولائی کو کھیلا جائے گا۔

اشتہار

یہ بھی پڑھیے

Back to top button