
روس کی ٹینس کھلاڑی میرا اینڈریوا نے فرنچ اوپن ویمنز سنگلز کا اعزاز جیت لیا
نوجوان روسی ٹینس اسٹار میرا اینڈریوا نے فرنچ اوپن (رولینڈ گیروس) کا خواتین سنگلز ٹائٹل جیت کر اپنے کیریئر کا پہلا گرینڈ سلیم اعزاز حاصل کر لیا۔فائنل میں 19 سالہ میرا آندریوا نے پولینڈ کی کوالیفائر ماجا چلنسکا کو 3-6 اور 2-6 سے شکست دے کر شاندار کامیابی اپنے نام کی۔ میچ صرف ایک گھنٹہ اور 22 منٹ میں اختتام پذیر ہوا۔فتح کے بعد آندریوا جذبات سے مغلوب ہو کر کورٹ پر گر پڑیں اور پھر تیزی سے اسٹینڈز کی جانب دوڑتے ہوئے اپنی کوچ کونچیٹا مارٹنیز سے گلے ملیں۔ کونچیتا مارٹینیز خود بھی سابق گرینڈ سلیم چیمپئن ہیں اور 1994 میں ومبلڈن کا ٹائٹل جیت چکی ہیں۔
میچ کا آغاز دونوں کھلاڑیوں کے لیے اعصاب شکن ثابت ہوا، جہاں تیز ہواؤں اور دباؤ کے باعث ابتدائی چار گیمز مسلسل سروس بریک پر مشتمل رہے۔ عالمی درجہ بندی میں 114ویں نمبر پر موجود ماجا چوالنسکا نے پہلے اپنی سروس برقرار رکھی جس پر 15 ہزار سے زائد شائقین نے بھرپور جوش و خروش کا اظہار کیا۔
تاہم میرا آندریوا نے غیر معمولی ذہنی پختگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلسل نو گیمز جیت لیے اور 3-6، 0-5 کی برتری حاصل کر لی۔ اگرچہ وہ پہلی کوشش میں میچ ختم کرنے میں کامیاب نہ ہو سکیں، لیکن بعد ازاں چوالنسکا کی سروس پر شاندار بیک ہینڈ وِنر کھیل کر چیمپئن شپ پوائنٹ اپنے نام کر لیا۔اس تاریخی کامیابی کے ساتھ میرا آندریوا 1992 میں مونیکا سیلیز کے بعد رولینڈ گیروس کا ٹائٹل جیتنے والی کم عمر ترین خاتون کھلاڑی بن گئی ہیں۔ٹینس ماہرین کے مطابق آندریوا کی یہ کامیابی خواتین ٹینس میں ایک نئے ستارے کے عروج کی علامت ہے، جبکہ دنیا بھر میں شائقین ان کی شاندار کارکردگی کو بھرپور سراہ رہے ہیں۔















