بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وزیراعظم کل سے چین کا چار روزہ سرکاری دورہ کریں گے

وزیراعظم محمد شہباز شریف کل سے چین کا چار روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔اس بات کا اعلان دفترخارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے آج اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار نیوزبریفنگ کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان سدابہار سٹریٹجک شراکت داری کی پائیدار مضبوطی کا اعادہ کرے گا اور مشترکہ مستقبل کی حامل پاکستان چین برادری کے وژن کو مزید فروغ دینے کا موقع فراہم کرے گا۔

دورے کے دوران وزیراعظم، صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ سمیت چینی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے ۔

ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات اور اقتصادی و سٹریٹجک شعبوں کا جائزہ لیا جائے گا جس میں اعلیٰ معیار کی ترقی، تجارت، سرمایہ کاری، صنعتی تعاون، زرعی شعبے میں جدت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سائنس اور ٹیکنالوجی اور عوامی سطح پر روابط پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

وزیراعظم اپنے دورے کا آغاز صوبہ ژی جیانگ کے شہر ہانگ ژو سے کریں گے جہاں وہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیلی مواصلات، توانائی ذخیرہ کرنے اور زراعت کے حوالے سے پاکستان چین کاروباری سرمایہ کاری کانفرنس کی صدارت کریں گے۔

بیجنگ میں وزیراعظم پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کی تقریبات کے سلسلے میں” چینی عوامی انجمن برائے دوستی خارجہ” کے زیر اہتمام ایک استقبالیے میں شرکت کریں گے۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button