
پاکستان کے اعلیٰ سطحی وفد کا ایران کا تین روزہ سرکاری دورہ مکمل
پاکستان کے اعلیٰ سطحی وفد نے اسلامی جمہوریہ ایران کا تین روزہ سرکاری دورہ مکمل کر لیا۔ وفد کی قیادت چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات کر رہے تھے، جبکہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی ان کے ہمراہ تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے ایرانی قومی اسمبلی کے اسپیکر محمد باقر قالیباف، وزیر خارجہ عباس عراقچی اور خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹر کے کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہی سے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔
ملاقاتوں کے دوران خطے میں پائیدار امن کے قیام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں بدلتی ہوئی علاقائی سکیورٹی صورتحال، جاری سفارتی روابط اور خطے میں دیرپا امن و استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات پر خصوصی توجہ دی گئی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مسائل کے حل کے لیے مکالمے، کشیدگی میں کمی اور مستقل سفارتی کوششوں کے ذریعے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے ایرانی قیادت اور عوام کی جانب سے دی گئی گرمجوش میزبانی پر گہرے تشکر کا اظہار کیا اور پاکستان کے صدر، وزیر اعظم اور عوام کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام بھی پہنچایا۔ اس موقع پر انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
یہ دورہ مشرقِ وسطیٰ کے تنازعات کے پرامن حل، اور خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔















