بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں 13 خوارج کو ہلاک کردیا

سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں پانچ مختلف کارروائیوں میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 13 خوارج کو ہلاک کر دیا ہے۔فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ضلع باجوڑ میں خفیہ معلومات پر مبنی آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے پر مؤثر انداز میں کارروائی کی اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں پانچ خوارج کو ہلاک کردیا۔

بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان کے اضلاع میں دو دیگر کارروائیوں میں، بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے تین خوارج کو بھی کامیابی سے ٹھکانے لگایا۔خیبر اور جنوبی وزیرستان کے اضلاع میں سکیورٹی فورسز نے دو الگ الگ کارروائیوں میں مزید پانچ خوارج کو ہلاک کر دیا۔

ہلاک کئے گئے بھارتی حمایت یافتہ خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ یہ خوارج علاقے میں دہشت گردی کی کئی کارروائیوں میں ملوث تھے۔یہ کارروائیاں ایسے وقت کی جا رہی ہیں جب پاکستان افغانستان کے ساتھ اپنی سرحدوں پر ابھرتے ہوئے چیلنجز کا مقابلہ کر رہا ہے۔

پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک کی سرحدوں کے دفاع کے لیے پرعزم اور ثابت قدم ہیں۔صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھارتی حمایت یافتہ تیرہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

اپنے الگ الگ بیانات میں انہوں نے باجوڑ، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، خیبر اور جنوبی وزیرستان میں کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی ۔

صدر مملکت نے کہا کہ بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں ملک میں امن قائم رکھنے کیلئے نہایت اہم ہیں۔وزیراعظم نے ایک بیان میں کہا کہ سکیورٹی فورسز ایک منظم پلان کے تحت دہشت گردوں کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button