بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

صدر، وزیراعظم کا ملکی ترقی کیلئے خواتین کو بااختیاربنانے کے عزم کا اعادہ

صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خواتین کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی غرض سے ان کیلئے سازگار ماحول کو یقینی بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

آج (اتوار) منائے جانے والے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے پاکستان اور دنیا بھر کی خواتین، ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ حکومت خواتین کی تعلیم اور صحت کی دیکھ بھال تک رسائی کو بڑھانے، معاشی مواقع کو مضبوط بنانے، تشدد کے خاتمے اور تحفظ کو بہتر بنانے کے لیے کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں میں خواتین کی نمائندگی کو آئینی دفعات کے ذریعے یقینی بنایا گیا ہے۔

اپنے بیان میں وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ قوم کی مجموعی ترقی اور خوشحالی خواتین کے لیے مساوی مواقع اور ان کی بامعنی شمولیت سے ہی حاصل کی جا سکتی ہے۔

دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کیلئے خواتین کو بااختیار بنانا حکومت کے وژن میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔

شہباز شریف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں خواتین کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان کی نمایاں خواتین کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے مواقع بڑھانے، تعلیم تک مساوی رسائی اور معاشی شراکت کو یقینی بنانے اور ایک ایسا ماحول بنانے کے عزم کا اظہار کیا جہاں خواتین اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لاسکیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستانی خواتین ملک کے ہر شعبے میں ہنر اور عزم کے ساتھ ملک کی ترقی میں کردار ادا کررہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کی کامیابیاں ہماری قوم کا حوصلہ بلند اور ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کیلئے ہمارے اجتماعی عزم کو مضبوط کرتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button