
قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ بنگلہ دیش کا شیڈول جاری
پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم تین ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں کی سیریز کے لیے بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی۔ اس بات کی تصدیق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے جمعہ کے روز کی۔
پاکستانی ٹیم پیر 9 مارچ کو بنگلہ دیش پہنچے گی جبکہ منگل 10 مارچ کو پریکٹس سیشن میں حصہ لے گی۔ سیریز کا پہلا ایک روزہ مقابلہ بدھ 11 مارچ کو ڈھاکا کے شیرِ بنگلا قومی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
دوسرا ایک روزہ مقابلہ جمعہ 13 مارچ کو جبکہ تیسرا اور آخری میچ اتوار 15 مارچ کو اسی میدان میں منعقد ہوگا۔ تینوں مقابلے ڈھاکا کے شیرِ بنگلا قومی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہی کھیلے جائیں گے۔
جولائی 2025 کے بعد یہ پاکستان کا بنگلہ دیش کا دوسرا دورہ ہوگا۔ اس سے قبل پاکستان نے جولائی میں تین ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کی سیریز کے لیے بنگلہ دیش کا دورہ کیا تھا جس میں میزبان ٹیم نے دو ایک سے کامیابی حاصل کی تھی۔ دوسری جانب بنگلہ دیش نے گزشتہ برس مئی اور جون میں پاکستان کا دورہ کیا تھا جہاں سلمان علی آغا کی قیادت میں قومی ٹیم نے تین ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کی سیریز تین صفر سے اپنے نام کی تھی۔
سیریز کا شیڈول:
9 مارچ: پاکستانی ٹیم کی آمد
10 مارچ: تربیتی نشست
11 مارچ: پہلا ایک روزہ مقابلہ، شیرِ بنگلا قومی کرکٹ اسٹیڈیم، ڈھاکا
13 مارچ: دوسرا ایک روزہ مقابلہ، شیرِ بنگلا قومی کرکٹ اسٹیڈیم، ڈھاکا
15 مارچ: تیسرا ایک روزہ مقابلہ، شیرِ بنگلا قومی کرکٹ اسٹیڈیم، ڈھاکا















