
کے ایس ریلیف کی جانب سے پاکستان میں 20 مفت آنکھوں کے علاج کے کیمپس کامیابی سے مکمل
سعودی عرب کے کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر (کے ایس ریلیف) نے نور سعودی رضاکارانہ اقدام 2025 کے تحت پاکستان بھر میں آنکھوں کے مفت علاج کے بیس جامع کیمپس کامیابی سے مکمل کر لیے ہیں۔
اس اقدام کا مقصد مالی مشکلات یا ماہر امراضِ چشم تک محدود رسائی رکھنے والے پسماندہ اور مستحق طبقات کو بنیادی آنکھوں کے علاج کی سہولیات فراہم کرنا تھا۔
تفصیلات کے مطابق یہ مفت آئی کیمپس سندھ، بلوچستان، پنجاب اور آزاد جموں و کشمیر کے شہری اور دور دراز علاقوں میں منعقد کیے گئے۔
ان کیمپس سے 79 ہزار سے زائد مریضوں نے او پی ڈی مشاورت، آنکھوں کے معائنے اور جراحی سہولیات سے فائدہ اٹھایا۔ اس کے علاوہ 20 ہزار سے زائد اصلاحی عینکیں اور ضروری ادویات بھی موقع پر ہی مفت فراہم کی گئیں۔
یہ انسانی ہمدردی کا اقدام قابلِ علاج نابینائی کے خاتمے کے لیے سعودی عرب کے عالمی صحت اور انسانی فلاح و بہبود کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر پاکستان بھر میں ضرورت مند افراد کو امید، وقار اور بہتر معیارِ زندگی فراہم کرنے کے لیے اپنی خدمات جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔













