
پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا، وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی قیادت کو یقین دلایا ہے کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا۔
انہوں نے یہ بات آج ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزیشکیان کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو کے دوران کہی۔
وزیراعظم نے ایرانی صدر کے ساتھ پاکستان کی قیادت کی سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا۔
شہباز شریف نے خلیج میں جاری خطرناک جھڑپوں پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا۔
اس سنگین صورتحال کے پیش نظر، وزیراعظم نے تمام ہمسایہ ممالک کے درمیان تصادم کم کرنے اور مذاکرات و سفارت کاری کی بحالی کے لیے اجتماعی کوششوں کی فوری ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے امت مسلمہ میں اتحاد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔
وزیراعظم نے ایران کے بہادر عوام کے ساتھ پاکستان کا اظہارِ یکجہتی کیا اور انسانی جانوں کے ضیاع پر گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں اور بے گھر ہونے والوں کی جلد صحت یابی اور سلامتی کے لیے دعائیں کیں۔
وزیراعظم نے ایرانی صدر اور ایرانی عوام کو عیدالفطر اور نوروز کی مبارکباد بھی دی، جو ایرانی صدر کی طرف سے بھرپور جذبات کے ساتھ واپس کی گئی اور انہوں نے پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات بھی پیش کیں۔















