بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وزیراعظم شہباز شریف جون کے پہلے ہفتے میں چین کا دورہ کریں گے

وزیراعظم شہباز شریف پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے دوسرے مرحلے کے آغاز میں باضابطہ شامل ہونے کے لیے جون کے پہلے ہفتے میں چین کا دورہ کریں گے۔ رپورٹ کے مطابق وزیراعظم آفس کے ذرائع نے نجی ٹی وی چینل کو بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا 4 جون کو دورہ چین شیڈول ہے، تاہم اس تاریخ میں معمولی ردوبدل آسکتا ہے۔

سی پیک کے پہلے مرحلے میں انفراسٹرکچر اور توانائی کے منصوبے شامل تھے، جب کہ سی پیک فیز ٹو میں دونوں ممالک زراعت، پاکستان ریلوے ایم ایل ون، تجارتی سودے، اور قراقرم ہائی وے (کے کے ایچ) کی از سر نو تعمیر پر توجہ مرکوز کریں گے۔وزیراعظم شہباز شریف نے چینی کمپنیوں کے نمائندوں کے اجلاس کی صدارت کی، اس دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے آئی ٹی سیکٹر کو فروغ دینے اور برآمدات بڑھانے کے لیے چینی تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔احسن اقبال نے سی پیک کے دوسرے مرحلے کو اپ گریڈ کرنے پر چینی قیادت کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی میں چین کا کردار انتہائی اہم ہے، چین نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے جس پر پوری قوم چینی قیادت اور عوام کی مشکور ہے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ چینی کارکنوں اور شہریوں کی حفاظت اور تحفظ حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے، جب کہ حکومت نے پاکستان میں چینی شہریوں کی فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے ہیں اور اس سلسلے میں ایک جامعہ منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور اس شعبے میں چین کی جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا چاہتا ہے، انہوں نے چینی کمپنیوں کو پاکستان کے الیکٹرک، ہائبرڈ آٹو سیکٹر اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔

مزید پڑھیے  این سی او سی بند کردیا گیا
Back to top button