بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آج آئندہ ماہ ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ2024 کے لیے اپنے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔
امریکہ اور کیریبین میں یکم جون سے 29 جون تک ہونے والے اس عالمی ایونٹ میں بابر اعظم پاکستان ٹیم کی قیادت کریں گے۔
پاکستان اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔
بابر اعظم (کپتان) ۔ ابرار احمد. اعظم خان ۔ فخرزمان ۔حارث رؤف ۔افتخار احمد ۔ عماد وسیم ۔ محمد عباس آفریدی. محمد عامر۔ محمد رضوان ۔نسیم شاہ ۔ صائم ایوب۔ شاداب خان ۔ شاہین شاہ آفریدی اور عثمان خان۔

پاکستان ٹیم میں کوئی ٹریولنگ ریزرو کھلاڑی شامل نہیں ہے۔

15 کھلاڑیوں میں ابرار احمد، اعظم خان، محمد عباس آفریدی، صائم ایوب اور عثمان خان کوپہلی بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ جب کہ محمد عامر اور عماد وسیم آخری بار 2016 اور 2021 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلے تھے۔دیگر آٹھ کھلاڑیوں نے 2022 میں آسٹریلیا میں منعقدہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں حصہ لیا تھا۔
سلیکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ یہ ایک انتہائی باصلاحیت اور متوازن ٹیم ہے جس میں نوجوانوں اور تجربے کا امتزاج موجود ہے۔ یہ کھلاڑی کچھ عرصے سے ایک ساتھ کھیل رہے ہیں اور عالمی ایونٹ کے لیے اچھی طرح تیار نظر آتے ہیں۔ حارث رؤف مکمل طور پر فٹ ہیں اور نیٹ پر اچھی بولنگ کر رہے ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ وہ آنے والے میچوں میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے کیونکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں دیگر بولرز کے ساتھ ان کا اہم کردار ہوگا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کا ریکارڈ متاثر کن رہا ہے۔
2009 میں پاکستان نے یونس خان کی قیادت میں آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
2007 میں جنوبی افریقہ میں منعقدہ پہلے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان نے شعیب ملک کی قیادت میں فائنل کھیلا تھا جبکہ 2022 میں بھی اس نے بابراعظم کی قیادت میں فائنل کھیلا۔ 2010 ۔2012 ۔ اور 2021 میں پاکستان سیمی فائنل کھیل چکا ہے۔

مزید پڑھیے  وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کرلیا

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا شیڈول۔
6جون ۔ بمقابلہ امریکہ گرینڈ پریری کرکٹ اسٹیڈیم ۔ڈلاس۔
9جون۔ بمقابلہ ۔ انڈیا۔ ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم ۔ نیویارک۔
11جون ۔ بمقابلہ کینیڈا ۔ ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم۔ نیویارک۔
16جون ۔ بمقابلہ آئرلینڈ۔ سینٹرل براورڈ پارک اینڈ براورڈ کاؤنٹی اسٹیڈیم لاڈرہل ۔ فلوریڈا۔
پاکستان کو پہلے راؤنڈ میں اے ٹوA2 سیڈ رکھا گیا ہے۔ اگر وہ دوسرے راؤنڈ میں کوالیفائی کرتا ہے تو اس کے میچز اسطرح ہونگے۔
19جون بمقابلہ ڈی ون ۔انٹیگا
21جون بمقابلہ سی ٹو۔باربیڈوس
23جون بمقابلہ بی ون ۔ باربیڈوس۔

Back to top button