بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

روس کے ساتھ توانائی اور بارڈر تجارت کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے خواہاں ہیں، صدر مملکت

صدر مملکت آصف علی زرداری سے پاکستان میں روس کے سفیر البرٹ خوریو نے ملاقات کی۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ روس کے ساتھ توانائی اور بارڈر تجارت کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے خواہاں ہیں، روس پاکستان کے ساتھ تجارت کے فروغ کیلئے روسی بینکوں کو پاکستان میں آپریشن شروع کرنے کی ترغیب دے۔صدر مملکت نے روس کے ساتھ ثقافتی شعبے بالخصوص ٹی وی اور فلمز میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا، صدر مملکت نے سفیر کو روسی صدر کیلئے دوبارہ منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا پیغام دیا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ امید ہے کہ صدر پیوٹن کی قیادت میں روس تیز تر معاشی ترقی کرے گا، عالمی امن کو فروغ حاصل ہوگا، صدر مملکت نے ماسکو میں 22 مارچ کے دہشت گرد حملے میں 130 معصوم جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا۔روسی سفیر نے کہا کہ روس پاکستان کی معاشی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرنے کا خواہشمند ہے، دونوں ممالک مشترکہ امور بشمول انسدادِ دہشت گردی اور منشیات کی سمگلنگ پر تعاون کررہے ہیں، روس پاکستان کے ساتھ موجودہ تجارتی حجم کو دو گنا کرنا چاہتا ہے۔روسی سفیر نے ماسکو میں 22 مارچ کے دہشت گرد حملے کی مذمت کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

Back to top button