بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

نوازشریف کے صاحبزادے حسن نواز اور حسین نواز وپس وطن پہنچ گئے

مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف کے صاحبزادے حسن نواز اور حسین نواز وپس وطن پہنچ گئے۔ پارٹی قائد نوازشریف نے جاتی امرا میں اپنے صاحبزادوں کا استقبال کیا، وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے بھی اپنے بھائیوں حسن اور حسین نواز سے ملاقات کی۔واضح رہے کہ 7 مارچ کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم میاں نوازشریف کے صاحبزادوں کے ایون فیلڈ، العزیزیہ ملز اور فلیگ شپ ریفرنس میں جاری دائمی وارنٹ گرفتاری 14 مارچ تک معطل کردیے تھے۔

وکیل قاضی مصباح الحسن ایڈووکیٹ نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں ہائی کورٹ سے تمام دیگر ملزمان بری ہوچکے ہیں ، حسن نواز اور حسین نواز 12 مارچ کو پاکستان آنا چاہتے ہیں اور عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں لہذا ن کےدائمی وارنٹ گرفتاری معطل کیے جائیں۔

وکیل صفائی کا کہنا تھا کہ ایون فیلڈ میں 5 ملزمان تھے اور احتساب عدالت نے 3 کو سزا دی بعدازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے 3 ملزمان کو بری کردیا تھا۔احتساب عدالت اسلام آباد نے مفرور حسن، حسین نواز کے دائمی وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کا 3 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا تھا۔

یاد رہے کہ 6 مارچ کو حسین نواز اور حسن نواز نے وارنٹ معطلی کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا جس پر اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم کے صاحبزادے حسن اور حسین نواز کی ایون فیلڈ ، العزیزیہ ملز اور فلیگ شپ ریفرنس میں جاری دائمی وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کی درخواست پر تفتیشی افسر کو آج کے لیے نوٹس جاری کردیا تھا۔احتساب عدالت نے 7 سال قبل دونوں ملزمان کو اشتہاری قرار دیا تھا۔

مزید پڑھیے  وزارت خارجہ عافیہ کی زندگی اور خیریت کے بارے میں قوم کو آگاہ کرے: ڈاکٹر فوزیہ صدیقی
Back to top button