بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

سعودی عرب کا گوادر کے بارش متاثرین کیلئے امداد کا اعلان

سعودی عرب نے گوادر کے بارش متاثرین کیلئے امداد کا اعلان کر دیا۔سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی اور پاکستانی عوام بھائی بھائی ہیں، مشکل گھڑی میں پاکستانی بھائیوں کی بھرپور مدد کریں گے۔

سعودی سفیر نے متاثرین بلوچستان کیلئے سعودی عرب کی طرف سے امدادی سامان کی فراہمی کا اعلان کیا، امدادی سامان میں 9 ہزار شیلٹرز کیمپس اور 9 ہزار راشن بیگز شامل ہیں۔

نواف بن سعید احمد المالکی نے کہا کہ گوادر اور بلوچستان کے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے یہ سعودیہ کی جانب سے تحفہ ہے، پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات ہیں، آئندہ بھی پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعلقات مضبوط ہوں گے۔اس موقع پر سعودی سفیر نے اردو میں گفتگو کرتے ہوئے ’پاکستان زندہ باد‘ کا نعرہ بھی لگایا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ سیلاب متاثرین کیلئے امداد پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تبدیلی اس وقت سب سے بڑا مسئلہ ہے، ماحولیاتی تبدیلی میں بلوچستان اور پاکستان کا کوئی حصہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے ساتھ گوادر کا دورہ اور امداد کا اعلان کیا، بارش سے متاثرہ لوگوں کے نقصانات کا ازالہ کریں گے، گوادر میں کبھی اتنی بارش ریکارڈ نہیں ہوئی، طوفانی بارشوں کے متاثرین کی بحالی کیلئے کوشاں ہیں، بلوچستان حکومت تملام چیلنجر کا مقابلہ کرے گی۔

مزید پڑھیے  وزیراعظم کا جنرل عاصم منیر کو ٹیلی فون، عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی
Back to top button