بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

پی ایس ایل 9، لاہور قلندرز بھی بارش سےمتاثرہ میچ کےباعث1 پوائنٹ حاصل کرنے میں کامیاب

پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن میں لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان آج راولپنڈی میں کھیلا جانے والا میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا جس کے باعث دونوں ٹیموں کو ایک پوائنٹ دے دیا گیا اور لاہور قلندرز نے ٹورنامنٹ میں اپنا کھاتا کھول لیا۔راولپنڈی میں پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے درمیان شیڈول میچ میں شدید بارش کی وجہ سے ٹاس تک نہ ہو سکا۔

جڑواں شہروں میں موسلا دھار بارش کے بعد آؤٹ فیلڈ سے کور لگائے گئے تھے اور بارش رکنے کے بعد اسے ہٹا دیا گیا تھا جس سے میچ شروع ہونے کی امید پیدا ہوئی تھی لیکن دوبارہ بارش کے آغاز کے بعد میچ کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اس میچ کے ساتھ ہی لاہور قلندرز نے ایونٹ میں پہلا پوائنٹ حاصل کر لیا جہاں اس سے قبل قلندرز کو لگاتار پانچ میچوں میں شکستوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

راولپنڈی اسٹیڈیم میں آج شام 7 بجے اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان مقابلہ ہو گا۔ڈان نیوز کے مطابق دن کے وقت بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکانات 100 فیصد ہیں جبکہ رات کو بارش کے 90 فیصد امکانات ہیں۔گزشتہ روز بھی راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش ہوئی تھی۔

Back to top button