بسم اللہ الرحمن الرحیم

حادثات و جرائم

بارش کے باعث حادثات میں بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق

پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارش کے باعث حادثات میں بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ 5 افراد زخمی ہوگئے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ریسکیو 1122 کے مطابق پشاور اورخیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارش کے باعث مختلف حادثات میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 5 سے زائد زخمی ہوگئے۔

لوئردیر میں تودہ گرنے کے باعث 3 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوا، باجوڑ کے علاقہ ماموند میں مکان کی چھت گرنے سے 3 بچے جاں بحق ہوئے۔علاقہ نوتھیہ میں مکان کی چھت گرنے کے باعث 15 مویشی ملبے تلے دب گئے جنہیں ریسکیو کرلیا گیا۔

بارش کے باعث پشاور میں یونیورسٹی روڈ تالاب کا منظر پیش کرنے لگا جبکہ بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور ایئر پورٹ ایریا میں 68 اور سٹی میں 65 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

سب سے زیادہ بارش دیر میں 93 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، مردان تخت بھائی میں 80، کالام میں 52 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔مختلف واقعات میں برفباری کے دوران پھنسے ہوئے سیاحوں کو ریسکیو کرلیا گیا۔سوات مالم جبہ میں برفباری میں پھنسے ہوئے 6 سیاحوں اور کاغان راجگال میں محصور خاندان کے 4 افراد کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقام پر متنقل کردیا گیا ہے۔

مزید پڑھیے  بسوں میں خوفناک تصادم، 6 افراد جاں بحق
Back to top button