بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

گیس کی قیمتوں میں مزید 67 فیصد تک اضافے کی منظوری

وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے گیس کی قیمتوں میں مزید 67 فیصد تک اضافے کی منظوری دے دی۔وزیر اعظم ہاؤس کے میڈیا سیل سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔وفاقی کابینہ نے وزارت تجارت کی سفارش پر اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کے تحت افغانستان کنٹری آفس کے زیر استعمال گاڑیوں کے اسپیئر پارٹس اور نئے ٹائروں کی کراچی پورٹ سے کابل، افغانستان ٹرانزٹ/منتقلی کی منظوری دے دی۔

کابینہ کو بتایا گیا کہ ملک میں اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ایسی درآمدات اور ان کی افغانستان منتقلی کی ممانعت ہے، تاہم اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کے تحت مذکورہ اسپیئر پارٹس اور ٹائر اقوام متحدہ کے استعمال میں ہوں گے اور انہیں کاروباری استعمال میں نہیں لایا جائے گا۔وفاقی کابینہ نے وزارت دفاعی پیداوار کی سفارش پر سیکریٹریٹ گروپ کے گریڈ 20 کے افسر خان نواز کی ہیوی انڈسٹری ٹیکسلا میں بطور ممبر فنانس دوبارہ تعیناتی کی منظوری دے دی۔وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر دوہری شہریت کے حامل ملزم عرفان قادر بھٹی کو سلطنت ناروے کے حوالے کرنے کی منظوری دے دی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ ملزم پر حکومت ناروے کی جانب سے دہشت گردی میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔اجلاس میں وزارت تخفیف غربت و سماجی تحفظ کی سفارش پر مینیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال کی خالی آسامی پر سید طارق محمد الحسن کی تعیناتی کی منظوری بھی دی گئی۔کابینہ نے وزارت اطلاعات و نشریات کی سفارش پر پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کی جانب سے غیر ملکی براڈکاسٹرز کو کھیلوں کے مقابلوں کے نشریاتی حقوق کی مد میں ادائیگیوں کی اجازت دے دی۔

مزید پڑھیے  عالمی سطح پر بینکنگ بحران، خام تیل کی قیمتوں میں کمی

اجلاس میں کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے 6 فروری، کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے 7 فروری اور کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے بھی 7 فروری 2024 کے اجلاسوں میں لیے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 7 اور 14 فروری 2024 کے اجلاسوں میں لیے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔ای سی سی نے گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی ایک اور شرط پر عملدر آمد کرتے ہوئے گیس کی قیمتوں میں مزید 67 فیصد تک اضافے کی منظوری دی تھی۔یہ نگران حکومت کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں دوسرا اور ایک سال میں تیسرا اضافہ ہے۔

Back to top button