بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

کچھ حلقوں کیلئے بیلٹ پیپر کی چھپائی روک دی گئی،ذرائع الیکشن کمیشن

حتمی فہرست آئندہ چند روز میں جاری کر دی جائے گی، ترجمان الیکشن کمیشن سید ندیم حیدر

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ایک عہدیدار نے انکشاف کیا ہے کہ قانونی چارہ جوئی کی وجہ سے بعض حلقوں کے لیے بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ روک دی گئی ہے، انتخابات سے متعلق 200 کے قریب مقدمات عدالتوں میں زیر التوا ہیں جن کی وجہ سے تمام انتظامی کارروائیوں کو مکمل کرنے کے لیے وقت کی کمی کا سامنا ہے۔

ایک نجی ٹی وی کے مطابق عہدیدار کی جانب سے اس بات کا انکشاف کیا گیا اگرچہ اس سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خبردار کیا تھا کہ انتخابی نشانات میں تبدیلی کے لیے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے عمل کو روکنے سے انتخابات میں تاخیر ہو سکتی ہے۔اس کے علاوہ عدالتوں میں متعدد مقدمات کے زیر التوا ہونے کی بات کو جواز بتاتے ہوئے الیکشن کمیشن نے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کرنے کی اپنی مقررہ تاریخ پر بھی عمل نہیں کیا تھا۔

22 دسمبر کو الیکشن کمیشن نے نظرثانی شدہ پول شیڈول جاری کیا،جس کے مطابق 13 جنوری کو امیدواروں کو انتخابی نشانات کی حتمی الاٹمنٹ کی جانی تھی۔تاہم انتخابی نشانات کے اجرا کی مقررہ تاریخ گزرنے کے کئی روز بعد بھی الیکشن کمیشن نے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری نہیں کی، الیکشن کمیشن نے 15 دسمبر کے نوٹیفکیشن میں بھی ترمیم نہیں کی جس میں 12 جنوری کو امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست جاری کرنے کا کہا گیا تھا۔منگل کو الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ انتخابی نشانات مختلف فورمز کے ذریعے تبدیل کیے جا رہے ہیں جبکہ 3پرنٹنگ کارپوریشنوں کو بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا حکم پہلے ہی دیا جا چکا تھا اور چھپائی کا کام بھی ایک دن قبل شروع کر دیا تھا۔ اگرچہ نشانات کی الاٹمنٹ اب مکمل ہو چکی ہے لیکن امیدواروں کی حتمی فہرست اب تک جاری نہیں کی گئی ہے۔

مزید پڑھیے  پنجاب ، خیبرپختونخوا انتخابات کی تاریخ کیلئے الیکشن کمیشن کا گورنرز کو دوبارہ خط

الیکشن کمیشن کے ترجمان سید ندیم حیدر نے کہا کہ حتمی فہرست آئندہ چند روز میں جاری کر دی جائے گی۔جب پوچھا گیا کہ اگر الیکشن کمیشن کو قانونی مقدمات کے چیلنجز کا سامنا ہے تو بیلٹ پیپرز کی چھپائی کیسے کی جا رہی ہے تو ایک عہدیدار نے بتایا کہ موجودہ صورتحال میں بعض حلقوں کے بیلٹ پیپر کی چھپائی روک دی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ معاملات کو منظم کرنے کی کوششیں کی جا رہی تھیں لیکن ہر گزرتے دن کے ساتھ مسائل بڑھ رہے تھے، انہوں نے مزید کہا کہ یہ وہ چیلنجز تھے جن کا ذکر پہلے کیا گیا تھا جہاں کچھ حلقوں میں انتخابات میں تاخیر کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔ عہدیدار نے کہا کہ اس معاملے کو جلد از جلد حل کرنے کی تمام کوششیں کی جا رہی ہیں۔ ایک اور عہدیدار نے بتایا کہ انتخابات سے متعلق 200 کے قریب مقدمات عدالتوں میں زیر التوا ہیں جن کی وجہ سے تمام انتظامی کارروائیوں کو مکمل کرنے کے لیے وقت کی کمی کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر متعلقہ عدالتوں کے رجسٹرار کے ساتھ بھی بات چیت کی جا رہی ہے۔

Back to top button