بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل ہونے تک علاقائی امن ممکن نہیں، آمنہ بلوچ

نہتے کشمیری بھارتی جبر و استبداد سے نجات اور اپنے جائز حق خود ارادیت کے حصول کے لیے عالمی برادری کی جانب دیکھ رہے ہیں، پاکستانی سفیربرائے یورپی یونین

یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ کے لیے پاکستانی سفیر آمنہ بلوچ نے کہا ہے کہ یورپی پارلیمانی کمیٹی برائے خارجہ امور نے ای یو بھارت تعلقات کے حوالے سے 17 جنوری کو جاری سفارشاتی رپورٹ میں جس طرح مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، کشمیری رہنماؤں کی غیر قانونی حراستوں اور ذرائع ابلاغ کی بلا جواز بندشوں کو اجاگر کیا ہے وہ قابل تحسین ہے۔

آمنہ بلوچ نے کہا ہے کہ یہ رپورٹ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کے لیے پاکستان کے موقف کی تائید کرتی ہے۔اس رپورٹ میں بھارت میں اقلیتوں کے خلاف جاری جانبدارانہ اور ناروا سلوک کی مذمت کی گئی ہے اور ذمے داران کے مواخذے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔آمنہ بلوچ کے مطابق اس رپورٹ نے نہ صرف بھارت کے فاشسٹ عزائم کو بے نقاب کیا ہے بلکہ مظلوم کشمیریوں کے خلاف بھارتی حکومت کے جاری مظالم کا پردہ بھی چاک کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک اٹل حقیقت ہے کہ علاقائی امن اس وقت تک قائم نہیں ہو سکتا جب تک مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل نہیں ہو جاتا۔ انہوں نے کہا کہ نہتے کشمیری بھارتی جبر و استبداد سے نجات اور اپنے جائز حق خود ارادیت کے حصول کے لیے عالمی برادری کی جانب دیکھ رہے ہیں۔

سفیر آمنہ بلوچ نے واضح کیا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل اور مظلوم کشمیریوں کو بھارتی جبر سے نجات دلانے کے لیے اپنی بھرپور اخلاقی و سفارتی معاونت جاری رکھے گا۔انہوں نے مسئلہ کشمیر کو یورپی یونین سمیت تمام بین الاقوامی فورمز پر مسلسل اجاگر کرتے رہنے کے عزم کا اظہار کیا۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ کے لیے پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ نے اپنی تعیناتی کے بعد سے یورپی قیادت کے ساتھ ہونے والی اپنی ملاقاتوں میں مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا ہے۔

مزید پڑھیے  کل شوال کاچاند نظر آئے گا یا نہیں؟مکمل رپورٹ آگئی
Back to top button