بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ میں حصہ لینے دبئی روانہ

پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم سعد بیگ کی قیادت میں اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ میں حصہ لینے کے لیے کراچی سے دبئی روانہ ۔ یہ ٹورنامنٹ 8 سے 17 دسمبر تک دبئی میں منعقد ہوگا ۔ سیمی فائنلز تک تمام میچز آئی سی سی اکیڈمی گراؤنڈ میں ہونگے جبکہ فائنل دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

کپتان سعد بیگ کا کہنا ہے کہ ٹیم کا اچھا کامبی نیشن بنا ہوا ہے اور ان کی پوری کوشش ہوگی کہ ٹیم ٹورنامنٹ جیتے۔ فی الحال ہماری مکمل توجہ ایشیا کپ پر مرکوز ہے جس کے بعد ہم ورلڈ کپ کو دیکھیں گے جو جنوبی افریقہ میں منعقد ہوگا۔

سعد بیگ نے سابق کرکٹر محمد یوسف کی انڈر 19 ٹیم کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے تقرری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ورلڈ کلاس کرکٹر ہیں اور یہ ہماری خوشی قسمتی ہے کہ وہ اب ہمارے ہیڈکوچ ہیں اور ہمیں ان سے بہت کچھ سیکھنے کو مل رہا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ٹیم میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں ہوئی ہے اور کم وبیش وہی کھلاڑی ٹیم کا حصہ ہیں جو پچھلے ایک سال سے کھیل رہے ہیں۔اچھے نتیجے کے لیے تینوں شعبوں میں بہترین کارکردگی کی کوشش کریں گے۔

انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان انڈر 19 ٹیم کو گروپ اے میں انڈیا انڈر 19، افغانستان انڈر19 اور نیپال انڈر19 کے ساتھ رکھا گیا ہے۔

پاکستان انڈر19 ٹیم اپنا پہلا میچ 8 دسمبر کو نیپال کے خلاف کھیلے گی ۔انڈیا کے خلاف اس کا میچ10 دسمبر کو ہوگا جبکہ افغانستان سے اس کا میچ 12 دسمبر کو ہوگا۔

مزید پڑھیے  ایشین بریڈ مین ظہیر عباس کی طبیعت ناساز، آئی سی یو منتقل

ٹورنامنٹ کے دونوں سیمی فائنلز 15 دسمبر کو ہونگے جبکہ فائنل 17 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔

پاکستان انڈر ٹیم ان کھلاڑیوں پرمشتمل ہے: سعد بیگ ( کپتان، وکٹ کیپر)، احمد حسین، علی اسفند، عامرحسن، عرفات منہاس ( نائب کپتان )، اذان اویس، خبیب خلیل۔ نجب خان، نوید احمد خان، محمد ریاض اللہ، محمد طیب، محمد ذیشان، شاہ زیب خان، شامل حسین اور عبید شاہ

نان ٹریولنگ ریزروز: احمد حسن، ایمل خان، عبید شاہد اور محمد ذوالکفل

سپورٹ اسٹاف: شعیب محمد ( منیجر )، محمد یوسف ( ہیڈ کوچ )، ریحان ریاض ( بولنگ کوچ )، منصور امجد ( فیلڈنگ کوچ )، محمد مسرور ( اسسٹنٹ بیٹنگ کوچ )، عمر راشد ڈار ( اسسٹنٹ کوچ )، حافظ نعیم الرسول ( فزیو )، عثمان ہاشمی ( انالسٹ )، عمران اللہ ( ٹرینر)، محمد ارسلان ( میڈیااور ڈیجیٹل منیجر )

Back to top button