بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

میکسویل کی ورلڈ کپ میں تیز ترین سنچری، آسڑیلیا نے نیدرلینڈز کو تاریخی شکست سے دوچار کردیا

آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے 24ویں میچ میں آسٹریلیا نے نیدرلینڈز کو 309 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر ورلڈکپ کی تاریخ کی سب سے بڑی فتح حاصل کرلی۔آسٹریلیا کے 400 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیدرلینڈز کی پوری ٹیم 21 اوورز میں 90 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ یہ ورلڈکپ کی تاریخ کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔اس سے قبل آسٹریلیا نے افغانستان کو 2015 کے ورلڈکپ میں 275 رنز سے شکست دی تھی۔نیدرلینڈز کے خلاف آسٹریلیا کی کامیابی  ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کی دوسری بڑی فتح بھی ہے، اس سےقبل بھارت نے سری لنکا کو 317 رنز سے شکست دی تھی۔

دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے  گئے میچ میں آسٹریلیا نے نیدرلینڈز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔آسٹریلیا نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں پر 399 رنز بنائے، ڈیوڈ وارنر 104 اور گلین میکسویل 106 رنز بناکر نمایاں رہے۔اس کے علاوہ  اسٹیو اسمتھ نے 71 اور لبوشین نے 62 رنز بنائے جبکہ جوش انگلس 14، مچل مارش9 اور کیمرون گرین 8 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، پیٹ کمنز 12 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

نیدرلینڈز کی جانب سے لوگن وین بیک نے10 اوورز میں 74 رنز دے کر 4کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، بیس ڈی لیڈا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔نیدرلینڈز کے خلاف میکسویل نے 40گیندوں پر 8چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے ورلڈکپ کی تاریخ کی تیز ترین سنچری بنائی۔انہوں نے نیدرلینڈز کے خلاف 44 گیندوں پر 106 رنز کی اننگز کھیلی۔ آسٹریلوی بیٹر کی اننگز میں 9 چوکے اور 8 چھکے شامل تھے۔

مزید پڑھیے  نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ،خیبرپختونخوا اعزاز کا دفاع کرنے میں کامیاب

اس سے قبل یہ ریکارڈ جنوبی افریقا کے ایڈن مارکرم کے پاس تھا جنہوں نے رواں ورلڈکپ میں ہی سری لنکا کے خلاف 49 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔آسٹریلیا کے 400 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیدرلینڈز کی پوری ٹیم 21 اوورز میں 90 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔نیدرلینڈز کی جانب سے وکرم جیت سنگھ 25 اور تیجاندا منورو  14 رنز بنا کر نمایاں رہے، اس کے علاوہ سایبرانڈ 11 اور کولن ایکرمین نے 10 رنز بنائے جبکہ لوگن وین بیک، وین ڈر میروی اور پاؤل وین میکرمین صفر پر آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے  ایڈم زمپا نے 3 اوورز میں 8 رنز دے کر 4کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، مچل مارش نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مچل اسٹارک،جوش ہیزل ووڈ اور پیٹ کمنز نے ایک ایک وکٹ لی۔گلین میکسویل شاندار بیٹنگ پر پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔کینگروز کی رواں ورلڈکپ میں یہ تیسری کامیابی ہے، آسٹریلیا نے 5 میچز کھیلے ہیں ، 3 میں کامیابی اور 2 میں شکست ہوئی۔دوسری جانب نیدرلینڈز کو 5 میچز میں 4 میں ناکامی اور ایک میں کامیابی ملی۔

Back to top button