بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے سکھ یاتریوں کو ویزا آن آرائیول اور ٹورز کا خصوصی پیکیج دینے کا اعلان کر دیا

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سکھ یاتریوں کو ویزا آن آرائیول اور ٹورز کا خصوصی پیکیج دینے کا اعلان کر دیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی سے امریکہ اور دیگر ممالک سے آئے سکھ یاتریوں کے وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں سکھ یاتریوں نے لاہور، ننکانہ صاحب، حسن ابدال اور کرتارپور میں سکھ برادری کے مذہبی مقامات کی دیکھ بھال پر محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا، سکھ یاتریوں کے وفد نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو روایتی چادر پہنائی۔

 

اس موقع پر سکھ یاتریوں کا اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا جو مان سمان پنجاب میں ملا کوئی سوچ نہیں سکتا، پنجاب میں جو پیار اور خلوص ملا وہ فراموش نہیں کرسکتے، سوچا بھی نہیں تھا کہ پنجاب حکومت اس قدر محبت دے گی، پنجاب آ کر اپنائیت کا احساس ہوا، وزیراعلیٰ اور ان کی ٹیم نے ہمارا بہت خیال رکھا اور بہترین مہمان نوازی کی۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سکھ یاتریوں کے لئے بڑا اعلان کر دیا، انہوں نے کہا سکھ یاتریوں کو پاکستان آمد پر ویزا آن آرائیول دینے کی کوشش کر رہے ہیں، اس ضمن میں وفاقی حکومت سے بات کی ہے، جلد خوشخبری دیں گے، ننکانہ صاحب میں سکھ برادری کے لئے کمیونٹی سینٹر بنا کر دیں گے، سکھ یاتریوں کے لئے پنجاب میں ٹورز کا خصوصی پیکیج لا رہے ہیں، محکمہ سیاحت اس پیکیج کو حتمی شکل دے رہا ہے، سکھ یاتری پیکیج کی آن لائن بکنگ کرا سکیں گے۔

 

 

محسن نقوی کا کہنا تھا خوشی ہے کہ سکھ یاتریوں کے وفد میں نوجوان بھی شامل ہیں، سکھ یاتریوں کا پورا خیال رکھا جائے گا اور ان کی بھرپور مہمان نوازی کریں گے، سکھ یاتری جب چاہیں پاکستان آئیں، انہیں کسی قسم کا مسئلہ نہیں ہو گا، ننکانہ صاحب میں بابا گرونانک کے جنم استھان کے پانی کو پیک کر کے سکھ یاتریوں کو دیا جائے گا، سکھ یاتری جتنے بھی دن قیام کریں گے محبتیں دیں گے۔چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان نے سکھ یاتریوں کے وفد کو ”جی آیاں نوں“ کہا، ان کا کہنا تھا پنجاب میں سکھ بھائیوں کے لئے ایگزیکٹو ٹورز کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔صوبائی وزراء اظفر علی ناصر، عامر میر، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل سیکرٹری ہوم، سیکرٹریز سیاحت، اوقاف، اطلاعات، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی جی پی آر، ڈپٹی کمشنر لاہور اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزید پڑھیے  آئی ایم ایف معاہدہ مثبت پیش رفت ہے، گورنر اسٹیٹ بینک

Back to top button