بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

ملک بھر میں آج عید میلادالنبی مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے

ملک بھر میں آج عید میلادالنبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا دن آج پورے مذہبی جوش و جذبے، عقیدت اور احترام سے منایا جا رہا ہے، پاکستان کے شہر شہر، گلی گلی کو سبز قمقوں سے سجا دیا گیا ہے اور کئی عمارتوں پر چراغاں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

حضور سرور کائنات صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی ولادت با سعادت کا دن دنیا بھر میں جوش و جذبے سے منایا جاتا ہے، پاکستان میں بھی لوگ یہ دن منانے کیلئے خصوصی اہتمام کرتے ہیں۔ مساجد، گھروں، دفاتر، محلوں، عمارتوں، گلیوں اور بازاروں غرض ہر جگہ کو خوبصورت جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجایا جاتا ہے۔

12 ربیع الاول کی مناسبت سے شہر کی گلیوں اور شاہراہوں پر مسجد نبوی سمیت دیگر مقدس مقامات کے دلکش ماڈلز بھی بنائے جاتے ہیں اور محافل کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے۔ سجاوٹی اشیا خریدنے والوں کا کہنا تھا کہ وہ عید میلاد النبی کے موقع پر زندگی بھر یوں ہی چراغاں کرتے رہیں گے۔جشن عید میلاد النبی کے موقعے پر گوجرانوالہ میں سو من کھیر کی دیگ تیار کی جارہی ہے تو حیدرآباد اور سکھر سمیت سندھ بھر میں بھی عید میلاد النبی  پورے مذہبی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے۔

لاہورمیں عید میلاد النبی کے حوالے سے محکمہ اوقاف کےزیراہتمام رحمت اللعالمین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ ہم نبی کریم کے ماننے والے ہیں مایوس نہیں ہوں گے، پاکستان ٹیک آف ضرورکرے گا۔انہوں نے کہا کہ ملک کی تباہی کا سوچنے والے تعلیمات نبوی سے دور ہیں، اگر ہم نبی پاک کے ماننے والے ہیں تو خدارا مایوسی چھوڑ دیں اور یقین رکھیں کہ پاکستان ضرور ترقی کرے گا۔

مزید پڑھیے  پی ایس ایل 9 ، اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 5 رنز سے شکست دیدی

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ملک میں آباد دیگر مذہبی اقلیتوں کے جان و مال اور حقوق کا تحفظ حکومت کا فرض ہے۔دوسری جانب سربراہ مجلس وحدت المسلمین راجا ناصر عباس نے بھی 12 تا 17 ربیع الاول کو اتحاد و وحدت کے ساتھ منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مخالف قوتیں ہمیں آپس میں لڑانے کیلئے کوشاں ہیں، ہمیں ان سازشوں کو ناکام بنانا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم امہ بے شمار مسائل کا شکار ہے، پاکستان اور امہ کی سلامتی کیلئے اتحاد کی فضا کو مزید مضبوط کرنا ہوگا، پاکستان میں مذہبی رنگ دے کر انتشار کی کوششیں جاری ہیں قوم مل کر ان سازشوں کو ناکام بنائے گی۔

 

Back to top button