بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وزیر خارجہ کا آذربائیجان ائرلائن کا پاکستان کیلئے براہ راست پروازوں کا خیر مقدم

وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78ویں اجلاس کے موقع پر جمہوریہ آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بائراموف سے ملاقات کی۔ دونوں رہنمائوں نے دو طرفہ تعلقات خاص طور پر دو طرفہ تجارت، دفاع، توانائی اور آئی ٹی تعاون کے شعبے میں حالیہ پیش رفت کا جائزہ لیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے آذربائیجان ائیرلائن (AZAR) کے پاکستان کے لیے براہ راست فلائٹ آپریشن کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے کاروبار اور سیاحت کے لیے عوامی رابطوں میں سہولت فراہم کرنے کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا۔

وزیر خارجہ نے جموں و کشمیر پر او آئی سی رابطہ گروپ سمیت مختلف بین الاقوامی فورمز پر بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر پر پاکستان کی مسلسل اور قابل قدر حمایت پر آذربائیجان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے آذربائیجانی ہم منصب کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، مقبوضہ علاقے کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کی غیر قانونی کوششوں اور ایل او سی پر بھارت کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں میں شدت سے امن و سلامتی کو لاحق خطرہ کے بارے میں آگاہ کیا۔

دونوں رہنماں نے اسلام فوبیا اور موسمیاتی تبدیلی سمیت مشترکہ چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا اور بین الاقوامی فورمز بالخصوص اقوام متحدہ اور او آئی سی کے پلیٹ فارم پر مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں علاقائی صورتحال اور خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے آذربائیجان کی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزید پڑھیے  نئے چیئرمین نیب کیلئے 7نام سامنے آگئے
Back to top button