بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

سابق چیف جسٹس ثاقب نثار، آصف سعید کھوسہ اور عظمت سعید پاکستان کے مجرم ہیں، نواز شریف

مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار، آصف سعید کھوسہ اور عظمت سعید پاکستان کے مجرم ہیں۔لندن میں مسلم لیگ ن کے اجلاس میں نواز شریف اور شہباز شریف نے پارٹی رہنماؤں سے سیاسی صورت حال پر گفتگو کی، اس موقع پر سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور مریم نواز بھی موجود تھیں۔

شرکا سے گفتگو میں قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف نے کہا کہ 2017ء کے ہنستے بستے پاکستان کو ایک سازش کے تحت بربادی کے دہانے پر لا کھڑا کیا گیا اور کھلنڈروں کے ٹولے کو پاکستان پر مسلط کیا گیا۔نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ جب تک اس سازش میں شامل تمام کرداروں کو کیفر کردار تک نہیں پہنچایا جائے گا، پاکستان آگے نہیں بڑھ سکے گا۔

اجلاس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کی وطن واپسی کی تاریخ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، نواز شریف نے لندن آنے کا حکم دیا اور چلا آیا، نواز شریف نے مشورے کیلئے بلایا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کی واپسی پر پروپیگنڈا کرنے والوں کو جلد جواب دیا جائے گا جبکہ مریم نواز کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کے استقبال کیلئے بڑی تیاریاں جاری ہیں۔

مزید پڑھیے  شہباز شریف کا آصف علی کو الگ ہی انداز سے خراج تحسین
Back to top button