بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

جنوبی افریقہ نے ون ڈے سیریز میں آسڑیلیا کو شکست دیدی

جنوبی افریقہ نے مارکو جینسن کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت آسٹریلیا کو لگاتار تیسرے ون ڈے میچ میں شکست دے کر پانچ ون ڈے میچوں میں 2-3 سے کامیابی حاصل کر لی۔جوہانسبرگ میں کھیلے گئے سیریز کے پانچویں اور آخری ون ڈے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔جنوبی افریقہ کو اننگز کے آغاز میں ہی کپتان ٹیمبا باووما کا نقصان برداشت کرنا پڑا جس کے بعد کوئنٹن ڈی کوک اور راسی وی ڈر ڈوسن نے اسکور کو 37 تک پہنچایا لیکن اس مرحلے پر ڈی کوک بھی پویلین لوٹ گئے۔

ڈوسن اور ایڈن مرکرم نے مل کر اسکور کو 80 تک پہنچایا لیکن اس مرحلے پر جنوبی افریقہ کو ڈوسن کے ساتھ ساتھ گزشتہ میچ کے ہیرو ہنری کلاسب کا بھی نقصان برداشت کرنا پڑا۔103 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد مرکرم کا ساتھ دینے ڈیوڈ ملر آئے جنہوں اپنی عمدہ فارم کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے مرکرم کے ہمراہ پانچویں وکٹ کے لیے 109 رنز کی ساجھے داری بنائی۔کلاسن نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 87 گیندوں پر 3 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 93 رنز کی اننگز کھیلی لیکن وہ نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے اور ٹم ڈیوڈ کی وکٹ بن گئے۔

تاہم دوسرے اینڈ سے ڈیوڈ ملر نے ہمت نہ ہاری اور مارکو جینسن کے ساتھ مل کر اسکور کو 258 تک پہنچا دیا، وہ 3 چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 63 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔مارکو جینسن اور ایندائل فلکوایو نے اختتامی اوورز میں جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا جس کی بدولت جنوبی افریقہ کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 315 رنز بنائے، جینسن نے 23 میں 47 اور فلکوایو نے 19 میں 38 رنز بنائے۔

مزید پڑھیے  ڈیوڈ وارنر پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز جیت گئے

آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زامپا نے تین جبکہ شان ایبٹ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کا آغاز بھی کچھ اچھا نہ تھا کہ 34 رنز پر ڈیوڈ وارنر کے ساتھ ساتھ جوش انگلش بھی پویلین لوٹ چکے تھے۔اس مرحلے پر قائم مقام کپتان مچل مارش کا ساتھ دینے مارنس لبوشین آئے اور دونوں نے تیسری وکٹ کے لیے 90 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کو سنبھالا دینے کی کوشش کی۔مارش نے 71 اور مارنس لبوشین نے 44 رنز کی اننگز کھیلیں لیکن مارکو جینسن نے یکے بعد دیگرے دو اوورز میں دونوں سیٹ کھلاڑیوں آؤٹ کر کے آسٹریلیا کی چاروں وکٹیں اپنے نام کیں۔ابھی آسٹریلین ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ جیسن نے پانچواں شکار کرتے ہوئے ایلکس کیری کو بھی چلتا کردیا۔اس کے بعد کوئی بھی آسٹریلین بلے باز کیشپ مہاراج کی اسپن کا سامنا کرنے میں ناکام رہا اور پوری ٹیم 35ویں اوور کی پہلی گیند پر 193 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے جینسن نے 5 اور مہاراج نے 4 وکٹیں اپنے نام کیں۔اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی ابتدائی دو میچوں میں شکست کھانے والی جنوبی افریقہ کی ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں 2-3 سے کامیابی حاصل کر لی اور کینگروز کا عالمی نمبر ایک بننے کا خواب چکنا چور کردیا۔مارکو جینسن کو 47 رنز اور پانچ وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ ایڈن مرکرم سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

Back to top button