بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

سی ٹی ڈی نے داعش کے اہم کمانڈر کو ہلاک کردیا

بلوچستان کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کہا ہے کہ مستونگ میں ایک کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم داعش کا مشتبہ کمانڈر مارا گیا۔سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ خفیہ اطلاع ملی تھی کہ داعش بلوچستان کا ایک کمانڈر غلام دین عرف شعیب علاقے اور اطراف میں دہشت گردی کی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کے حوالے سے مستونگ کا دورہ کر رہے ہیں۔بیان میں سی ٹی دی نے دہشت گرد تنظیم کا عربی نام اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس) کا نام استعمال کیا۔

کارروائی کے حوالے سے بتایا گیا کہ سی ٹی ڈی کے اہلکاروں نے علاقے میں کارروائی شروع کی اور ملزم کو گھیرے میں لے کر ان کو ہتھیار ڈالنے کا کہا لیکن اس نے وہاں بھاگنے کے لیے فائرنگ شروع کردی۔ان کا کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی نے پہلے ہی منصوبہ بنایا ہوا تھا اسی لیے طاقت کے زور پر اس سے زیر کیا اور فائرنگ کے تبادلے میں وہ مارا گیا۔

سی ٹی ڈی نے بتایا کہ داعش کا کمانڈر مبینہ طور پر صوبے میں بدترین دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھا، جس میں جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری پر حملہ، 2016 میں کوئٹہ میں وکلا پر خودکش حملہ، جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق پر خودکش حملہ، سبی میلہ اور کوئٹہ پولیس پر کئی حملے، مچھ میں ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے کان کنوں کا قتل شامل ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ مارے گئے دہشت گرد نے وزیرستان میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے تربیت حاصل کرنے کے بعد 2015 میں داعش میں شمولیت اختیار کی تھی۔سی ٹی ڈی نے کہا کہ اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔

مزید پڑھیے  برطانیہ میں فائرنگ کا واقعہ،5افراد ہلاک،حملہ آور بھی مارا گیا

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے پولیس نے کہا تھا کہ کوئٹہ کے علاقے اغبرگ میں سی ٹی ڈی کی کارروائی کے دوران کالعدم ٹی ٹی پی کے 5 دہشت گردوں کو مار دیا گیا ہے۔اس سے قبل 2 ستمبر کو سی ٹی ڈی نے کہا تھا کہ کوئٹہ اور واشوک اضلاع میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر دو الگ الگ کارروائیوں میں کالعدم ٹی ٹی پی اور داعش کے 8 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔

Back to top button