بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

پاکستانی ویمنز کو دوسرے ون ڈے میں بھی شکست، جنوبی افریقہ کی سیریز میں ناقابل شکست برتری

جنوبی افریقہ کی خواتین کرکٹ ٹیم نے پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کے خلاف دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل 6 وکٹوں سے جیت لیا اس طرح مہمان ٹیم کو تین میچوں کی سیریز میں دو صفر کی سبقت حاصل ہوگئی ہے۔

سیریز کا تیسرا اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل میچ جمعرات کو کھیلا جائے گا۔

یاد رہے کہ یہ سیریز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔ ون ڈے انٹرنیشنل کی عالمی رینکنگ میں جنوبی افریقہ کا نمبر تیسرا ہے جبکہ پاکستان دسویں نمبر پر ہے۔
پیر کے روز نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میں پاکستان ویمنز ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور پوری ٹیم 44.2 اوورز میں 168 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

جواب میں جنوبی افریقہ کی خواتین ٹیم نے 34 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔

پاکستان ویمنز ٹیم کا آغاز خاصا مایوس کن رہا اور صرف 20 کے مجموعی اسکور پر اس کی تین وکٹیں گرچکی تھیں۔ منیبہ علی 4۔ سدرہ امین 12 اور صدف شمس صفر پر آؤٹ ہوئیں ان تینوں کونیدین ڈی کلرک نے آؤٹ کیا۔
بسمہ معروف 4 کپتان ندا ڈار5 اور سدہ 7رنز بناکر آؤٹ ہوئیں تو میزبان ٹیم 49 رنز پر 6وکٹیں گرجانے سے شدید مشکلات سے دوچار ہوچکی تھی ۔ اس مرحلے پر عالیہ ریاض اور فاطمہ ثنا نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں قیمتی 114 رنز کا اضافہ کیا جو ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان ویمنز کی طرف سے ساتویں وکٹ کی ریکارڈ شراکت ہے۔

عالیہ ریاض نے تین چوکوں کی مدد سے 53 رنز اسکور کیے۔یہ ان کی ون ڈے انٹرنیشنل میں ساتویں اور جنوبی افریقہ کےخلاف تیسری نصف سنچری ہے۔

مزید پڑھیے  پاکستان کا تاریخی دورہ ہمیشہ یاد رہے گا، اینڈریو میکڈونلڈ

فاطم ثنا نے 87 گیندوں پر 69 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 10 چوکے شامل تھے۔یہ ان کی ون ڈے انٹرنیشنل میں پہلی نصف سنچری ہے۔

فاسٹ میڈیم بولر نیدین ڈی کلرک نے 32 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں جو ان کی کریئر بیسٹ بولنگ ہے۔مازاباٹا کلاز نے14 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔اتفاق سے یہ ان کی بھی کریئر بیسٹ بولنگ ہے۔

جنوبی افریقہ ویمنز کی اننگز میں ٹیزمین برٹس چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 45 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہیں انہوں نے لورا ووفارٹ کے ساتھ پہلی وکٹ کی شراکت میں 40 رنز اور لارا گوڈال کے ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں 40 رنز کا اضافہ کیا۔۔لارا گوڈال نے36 رنز بنائے۔

میریزین کپ 29 اور نیدین ڈی کلرک 24 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں ان دونوں کی نصف سنچری شراکت نے اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کردیا۔

مختصر اسکور۔

پاکستان ویمنز۔ 168 رنز ( 44.2 اوورز ) فاطمہ ثنا 69 ۔ عالیہ ریاض 53۔نیدین ڈی کلرک 32 / 4 وکٹ۔ مازاباٹا کلاز 14 / 3 وکٹ۔

جنوبی افریقہ ویمنز۔ 169 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ ۔ ( 34 اوورز ) ٹیزمین برٹس 45 ۔ لارا گوڈال 36۔سعدیہ اقبال32 / 2 وکٹ ۔

Back to top button