بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

سائفر کیس کی سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی

سیکریٹ ایکٹ عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کے رخصت پر ہونے کی وجہ سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اورشاہ محمود قریشی کیخلاف  سائفر کیس کی سماعت آج ملتوی کر دی۔جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی رخصت کے بارے میں عدالتی عملے نے پی ٹی آئی وکلا کو آگاہ کر دیا۔

سیکریٹ عدالت کے جج کے رخصت پر ہونے کی وجہ سے سائفر کیس کی سماعت بغیر کارروائی کے 11 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی۔یاد رہے کہ آج چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے وکلا نے سائفر کیس میں درخواست ضمانت پر دلائل دینا تھے۔

گزشتہ ہفتے سیکریٹ عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین اہلیہ کی طبیعت کی خرابی کے باعث رخصت پر چلے گئے تھے جس کی وجہ سے سماعت ملتوی کر دی گئی تھی تاہم گزشتہ روز جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے کیس کی سماعت کی تھی۔چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو 5 اگست کو توشہ خانہ کیس میں 3 سال کی سزا سنائی گئی تھی جس کے بعد انہیں گرفتار کر کے ڈسٹرکٹ جیل اٹک منتقل کر دیا گیا تھا، پھر ایف آئی اے نے بھی عمران خان کو 19 اگست کو سائفر گمشدگی کیس میں گرفتار کر لیا تھا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کو ٹرائل کورٹ کی جانب سے ملنے والی سزا معطل کر دی تھی تاہم سائفر کیس میں گرفتاری کی وجہ سے ان کی رہائی ممکن نہیں ہو سکی تھی جس کے خلاف پاکستان تحریک انصاف نے ضمانت کی درخواست دائر کی تھی۔

مزید پڑھیے  وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد پیش،ووٹنگ کیلئے 31مارچ کی تاریخ مقرر
Back to top button