بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

ایشیا کپ سپر فور مرحلہ، پاکستان نے بنگلہ دیش کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی

پاکستان نے ایشیاکپ کے سپر فور مرحلے کے میچ میں باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کے بعد امام الحق اور محمد رضوان کی نصف سنچریوں کی بدولت بنگلہ دیش کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔لاہور میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میچ میں بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔بنگال ٹائیگرز کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور میچ کے دوسرے اوور کی پہلی ہی گیند پر نسیم شاہ نے گزشتہ میچ میں سنچری بنانے والے اوپنر مہدی حسن کو پویلین کی راہ دکھائی، وہ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

صفر پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد محمد نعیم کا ساتھ دینے لٹن داس آئے اور دونوں نے تیزی سے کھیلتے ہوئے اگلی 21 گیندوں میں 31 رنز بٹور لیے، تاہم اس سے قبل کہ یہ شراکت مزید طول پکڑتی، لٹن داس 16 رنز کے انفرادی اسکور شاہین شاہ آفریدی کی وکٹ بن گئے۔اسکور 44 تک پہنچا ہی تھا کہ کپتان بابر اعظم نے حارث رؤف کو گیند تھمانے کا فیصلہ کیا جنہوں نے کپتان کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے پہلے 20 رنز بنانے والے محمد نعیم اور اگلے اوور میں توحید ہردوئی کی 2 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

ان وکٹوں کے ساتھ ہی حارث رؤف پاکستان کی جانب سے سب سے کم میچوں میں 50 وکٹیں حاصل کرنے والے تیسرے باؤلر بن گئے۔47 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد بنگلہ دیش کی ٹیم مشکلات سے دوچار تھی اور اس مرحلے پر شکیب الحسن اور مشفیق الرحیم پر مشتمل بنگلہ دیش کی سب سے تجربہ کار جوڑی کی وکٹ پر آمد ہوئی۔

مزید پڑھیے  جرمنی ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی

دونوں کھلاڑیوں نے اپنے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھانا شروع کیا اور شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے پانچویں وکٹ کے لیے 100 رنز کی شراکت قائم کی جبکہ اس دوران شکیب نے اپنی ففٹی بھی مکمل کر لی۔اس خطرناک ہوتی پارٹنرشپ کا خاتمہ اس وقت ہوا جب شکیب الحسن 53 رنز بنانے کے بعد فہیم اشرف کو وکٹ دے بیٹھے۔

ادھر مشفیق نے دوسرے اینڈ سے بہترین کھیل کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنی ففٹی مکمل کی۔مشفیق اور شمیم حسین نے مل کر اسکور کو 174 تک پہنچایا ہی تھا کہ افتخار احمد نے بائیں ہاتھ کے بلے باز کی 16 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

بابر اعظم وکٹ کے حصول کے لیے ایک مرتبہ پھر حارث رؤف کو لے کر آئے جنہوں نے کپتان کو مایوس نہ کیا اور وکٹ پر سیٹ 64 رنز بنانے والے مشفیق کے ساتھ ساتھ اگلی گیند پر تسکین احمد کو بھی چلتا کردیا۔دوسرے اینڈ سے نسیم شاہ نے بھی وکٹوں کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوتے ہوئے عفیف حسین کو فہیم اشرف کی مدد سے پویلین واپسی کا راستہ دکھا دیا۔نسیم نے اسی اوور میں ایک اور شکار کرتے ہوئے شریف الاسلام کو بولڈ کر کے بنگلہ دیشی ٹیم کی بساط لپیٹ دی۔بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 38.4 اوورز میں 193 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 4 اور نسیم شاہ نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک، ایک وکٹ شاہین، فہیم اور افتخار نے حاصل کی۔پاکستان کی جانب سے امام الحق اور فخر زمان نے اننگز کا محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور اس دوران فخر زمان خوش قسمت بھی رہے جب سلپ میں بنگلہ دیشی فیلڈر ان کا کیچ نہ لے سکے۔ابھی پاکستان نے 5 اوورز میں 15 رنز ہی بنائے تھے کہ میدان میں فلڈ لائٹس کی خرابی کے باعث میچ کو روک دیا گیا تاہم چند منٹس بعد ہی روشنی بحال ہونے پر کھیل دوبارہ شروع کردیا گیا۔

مزید پڑھیے  پاکستان نیوزی لینڈ کے میچوں کا مکمل شیڈول جاننے کیلئے کلک کریں

امام اور فخر نے ٹیم کو 35 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اسی اسکور پر وکٹوں کے سامنے پیڈ لانے کی پاداش میں فخر آؤٹ قرار دیے گئے، فخر نے 20 رنز بنائے۔

اس کے بعد امام کا ساتھ دینے کپتان بابر اعظم آئے اور دونوں نے مل کر اسکور کو 74 تک پہنچا دیا تاہم اس مرحلے پر بابر اپنی وکٹ محفوظ نہ رکھ سکے اور 17 رنز بنانے کے بعد تسکین کی وکٹ بن گئے۔دوسرے اینڈ سے امام الحق نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے ون ڈے کرکٹ میں اپنی 19ویں ففٹی اسکور کی۔امام اور رضوان تیسری وکٹ کے لیے 85 رنز کی شراکت کی لیکن سنچری کی تکمیل کے لیے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرنے والے امام الحق 78 رنز بنانے کے بعد مہدری حسن میراز کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

تاہم پاکستان نے فتح کی جانب پیش قدمی جاری رکھی اور اس دوران محمد رضوان نے بھی اپنی نصف سنچری مکمل کر لی۔پاکستانی ٹیم نے باآسانی 63 گیندوں قبل ہی ہدف تک رسائی حاصل کر لی اور میچ میں 7 وکٹوں سے فتح اپنے نام کر لی۔

اس سے قبل قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ کا ٹاس جیتنے کے بعد بات کرتے ہوئے بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن نے کہا کہ اگر ٹیم بورڈ پر اچھا اسکور سجانے میں کامیاب رہی تو گرین شرٹس پر دباؤ پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم افغانستان کے خلاف میچ وننگ پرفامنس کو دہرانا چاہتے ہیں، ہم دنیا کی نمبر ون ٹیم کا سامنا کرنے جارہے ہیں، لہٰذا ہمیں اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کی ضرورت ہے، ہم ان کی طاقت اور کمزوریاں جانتے ہیں۔

مزید پڑھیے  ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی رواں سال دسمبر میں کھیلی جائیگی

پاکستانی کپتان بابر اعظم نے کہا کہ اگر ہم ٹاس جیت جاتے تو بیٹنگ کا ہی فیصلہ کرتے۔بنگلہ دیش کے خلاف میچ کے لیے قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، آل راؤنڈر محمد نواز کی جگہ آل راؤنڈر فہیم اشرف کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان نے ایشیا کپ میں بابراعظم کے 151 اور افتخار احمد کی شان دار سنچری کی بدولت فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے پہلے میچ میں نیپال کو 238 رنز سے شکست دی تھی۔ایشیا کپ کے دوسرے میچ میں بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان کو 267 رنز کا ہدف دیا تھا، لیکن بارش کے باعث پاکستان کو بیٹنگ کا موقع نہ ملا اور میچ بے نتیجہ ختم ہو گیا تھا۔

Back to top button