بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن روس جائیں گے

امریکی اخبار کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کرنے روس جائیں گے۔امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق شمالی کوریا کے سربراہ کی روسی صدر سے ملاقات رواں ماہ ہوگی،کم جونگ ممکنہ طور پر بکتر بند ٹرین کے ذریعے روس جائیں گے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کم جونگ صدر پیوٹن سے یوکرین جنگ کیلئے ہتھیاروں کی فراہمی پر تبادلہ خیال کریں گے، البتہ ملاقات کے واضح مقام کے بارے میں ابھی کوئی معلومات سامنے نہیں آئی۔امریکی اخبار کی رپورٹ پر شمالی کوریا یا روس کی طرف فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔

یہ ممکنہ ملاقات اس وقت کی جارہی ہے جب وائٹ ہاؤس کی جانب سے خدشہ ظاہر کیا گیا تھا ہمارے پاس معلومات ہیں کہ روس اور شمالی کوریا کے درمیان ہتھیاروں کے حوالے سے مذاکرات ہونے جارہے ہیں۔واضح رہے کہ امریکا نے گزشتہ دنوں روس یوکرین جنگ میں روس کو ہتھیار فروخت کرنے کی صورت میں شمالی کوریا کو خبردار کیا تھا۔

امریکی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے کہا تھا کہ امریکا کو یقین ہےکہ روسی وزیر دفاع نے شمالی کوریا کے رہنما کِم جانگ سے جولائی میں ہونے والی ملاقات میں انہیں ہتھیاروں کی فروخت پر راضی کرنے کی کوشش کی تھی۔ جان کربی کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا تھاجب گزشتہ ماہ روسی صدر اور شمالی کوریا کے سربراہ کے درمیان خطوط کا تبادلہ ہوا جس میں دونوں ممالک کے تعلقات کو استوار کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

اشتہار
Back to top button