بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

مس ورلڈ کا فائنل مقابلہ مقبوضہ کشمیر میں کرانے کا اعلان

دنیا کی خوبصورت ترین خاتون کے انتخاب کا مقابلہ ’مس ورلڈ‘ رواں برس بھارت میں ہوگا، جس کے تحت فائنل کا مقابلہ مقبوضہ جموں و کشمیر کرانے کا اعلان کردیا گیا۔

رپورٹ  کے مطابق ’مس ورلڈ‘ کی منتظم جولیا مورلے نے ’مس ورلڈ 2022‘ کیرولینا بلاوسکی، مس انڈیا سینی شیٹی، مس ورلڈ کیریبین ایمی پینا اور مس ورلڈ انگلینڈ جیسیکا گیگن سمیت دیگر کے ہمراہ سری نگر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 71 واں مس ورلڈ کا مقابلہ بھارت میں ہوگا۔

جولیا مورلے نے مقبوضہ کشمیر کی خوبصورتی اور ثقافت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے 140 ممالک کے افراد دنیا کی جنت دیکھیں گے۔

ان کے ہمراہ پریس کانفرنس میں موجود دیگر دوشیزاؤں نے بھی مقبوضہ کشمیر کی خوبصورتی، مہمان نوازی اور ثقافت کی تعریفیں کیں اور کہا کہ وہ سب اور ان کے اہل خانہ و دوست مقبوضہ کشمیر آنے کے لیے بے تاب ہیں۔

سالانہ ہونے والے ’مس ورلڈ‘ کے مقابلے ایک ماہ تک چلیں گے جو نومبر کے وسط سے لے کر دسمبر کے وسط تک چلیں گے۔

بھارت میں ہونے والے 71 ویں مس ورلڈ کے مقابلوں میں مجموعی طور پر 140 ممالک کی دوشیزائیں شرکت کریں گی اور بھارت میں 1996 کے بعد پہلی بار وہاں مقابلے منعقد ہو رہے ہیں۔

بھارت کے مختلف شہروں جن میں دارالحکومت دہلی، ممبئی اور دیگر شہر بھی شامل ہیں وہاں مقابلوں کا انعقاد ہوگا جب کہ فائنل مقبوضہ کشمیر کے دارالحکومت سری نگر میں ہوگا۔

مس ورلڈ کے مقابلوں کو مقبوضہ کشمیر میں منعقد کرنے پر تاحال مس ورلڈ کے مقابلوں کے دیگر رکن مسلم ممالک نے کوئی رد عمل نہیں دیا، تاہم ممکنہ طور پر کچھ ممالک احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔

مزید پڑھیے  روس کا ہائپر سونک کروس میزائل زرکون کا کامیاب تجربہ
Back to top button