بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

سعودی عرب کی پاکستان کے کان کنی، توانائی، آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی

سعودی عرب نے پاکستان کے کان کنی، توانائی، زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔

اس دلچسپی کا اظہار مملکت کے نائب وزیر خارجہ ولید الخرائجی کی قیادت میں اعلیٰ سطحی سولہ رکنی سعودی وفد نے اپنے دو روزہ خصوصی دورہ پاکستان کے دوران کیا۔ یہ دورہ، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے ذریعے غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے والا کسی دوست ملک کا پہلا دورہ تھا۔ یہ دورہ سعودی عرب کے پاکستان میں سرمایہ کاری کے پختہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

وفد کو پاکستان کی حقیقی صلاحیتوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں مختلف شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی سہولت کے لیے SIFC کو سنگل ونڈو کے طور پر اجاگر کیا گیا۔

دورے کے دوران سعودی وفد کے ساتھ مخصوص ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد کے ارکان نے پاکستانی فریق کو پاکستان کے مختلف شعبوں میں سعودی سرمایہ کاری کے فوائد اور اپنی تجاویز سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر فریقین نے مختلف شعبوں اور منصوبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

دورے کے اختتام پر سعودی وفد نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے بھی ملاقات کی اور مختلف امور اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔

سعودی نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ انہوں نے پاکستانی حکام کے ساتھ نتیجہ خیز بات چیت کی اور امید ظاہر کی کہ یہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک معاہدے پر دستخط ہونے کا امکان ہے جو دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ہوگا۔

مزید پڑھیے  آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی دورہ امریکا میں امریکی وزیر دفاع سے ملاقات

ولید الخرائجی نے یقین دلایا کہ سعودی قیادت بشمول شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد محمد بن سلمان آل سعود ہمیشہ پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات کے مضبوط حامی رہے ہیں۔

Back to top button