بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وزیراعظم، آرمی چیف نے عید پارہ چنار سرحد پر جوانوں کیساتھ گزاری

وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے عید کا دن فوجی جوانوں کے ساتھ گزارا۔وزیراعظم شہبازشریف ، وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈار،  وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کے ہمراہ جمعرات کی صبح پاکستان اور افغانستان کے سرحد ی مقام پارہ چنارپہنچے۔وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم اور  چیف آف آرمی اسٹاف نے عید کی نماز فوج کے افسروں اور جوانوں کے ساتھ ادا کی اور انہیں عید کی مبارک پیش کی۔

وزیراعظم نے فوج کے اعلیٰ جذبے، عسکری تیاری اور اعلیٰ پیشہ وارانہ معیار کی تعریف کی۔جوانوں اور افسران سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہاکہ چیف آف آرمی اسٹاف کے ساتھ آج میں عید کا دن آپ کے ساتھ گزار  رہا ہوں تاکہ مادروطن کی سرحدوں کی جرأت و بہادری سے حفاظت کرنے والے اپنے افسروں اور جوانوں کی کاوشوں اورجذبوں کو خراج تحسین پیش کروں۔

وزیراعظم نے کہا کہ افواج پاکستان کے افسر اور جوان اپنے ذاتی آرام اور سکون کو چھوڑ کر وطن عزیز کے تحفظ، دفاع اور سلامتی کا عظیم فریضہ انجام دیتے ہیں، موسم اور حالات کی سختیوں کو برداشت کرتے ہیں اور ہر طرح کی مشکلات اور مصائب کا سامنا کرکے مادر وطن کی سرحدوں کا پہرہ دیتے ہیں جس پر قوم آپ سب کو سلام پیش کرتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ عید سمیت خوشیوں کے تہوار ہوں یا کوئی غم کا موقع ہو، افسر اور جوان انفرادی اور اجتماعی طورپر وطن کی حفاظت کے فرض کو ترجیح دیتے ہیں۔ ہم آپ کے اس جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں۔

مزید پڑھیے  وزیراعظم اور آصف علی زرداری کا ٹیلی فونک رابطہ

وزیراعظم نے کہاکہ آج میں آرمی، ائیر فورس اور بحریہ کے افسروں اور جوانوں کی خدمت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو بے پناہ مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے آہنی عزم کے ساتھ وطن عزیز کی سرحدوں کی حفاظت کا مقدس فرض نبھاتے ہیں۔

وزیراعظم شہبازشریف نے پوری قوم خاص طورپر افواج پاکستان کے افسروں اور جوانوں کو عید کی مبارک پیش کی۔ وزیراعظم نے عزم کا اعادہ کیا کہ امن تباہ کرنے، دہشت گردی کرنے والوں، ان کے سرپرستوں اور سہولت کاروں کیلئے چھپنے کی کوئی جگہ نہیں ہے، پاکستانی قوم کی پاکستانیت نے ملک میں فتنہ فساد، انتشار اور افراتفری پیدا کرنے والی قوتوں کے مذموم منصوبے کو ناکام بنادیا۔

انہوں نے کہا کہ  اُن قوتوں کو شکست ہوئی جو اپنے مذموم ایجنڈے کیلئے قوم میں تقسیم اور  دراڑپیدا کرنا چاہتے تھے۔ شہدا پاکستان اور قوم کا سرمایہ افتخار ہیں۔ اُن کی عزت وحرمت ہمیں ہر چیز پر مقدم ہے۔وزیراعظم نے شہداءکی یادگار پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔ قبل ازیں پارہ چنار آمد پر چیف آف آرمی اسٹاف نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ اس موقع پر کمانڈر  11 کور کے علاوہ صوبائی حکومت کے اعلیٰ حکام بھی موقع پر موجود تھے۔

Back to top button