بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

پاکستان اورایتھوپیا کے درمیا ن باہمی تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ایتھوپین وزیر ٹیکنالوجی

 ایتھوپیا کی وزیر مملکت برائے ٹیکنالوجی اور انوویشن ڈاکٹر فوزیہ امین نے کہا کہ پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان معیشت، تجارت، سائنس و ٹیکنالوجی سمیت دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے وسیع مواقع پائے جاتے ہیں لہذا دونوں ممالک ان سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جغرافیائی لحاظ سے ایک اہم جگہ پر واقع ہے جبکہ ایتھوپیا پاکستان کیلئے افریقہ میں آسان رسائی کیلئے ایک گیٹ وے کا درجہ رکھتا ہے لہذا دونوں ممالک کا قریبی تعاون ان کی معیشتوں کیلئے بہت فائدہ مند ثابت ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیمبر کے نائب صدر انجینئر اظہر الاسلام ظفر کی جانب سے پاکستان کا دورہ کرنے والے ایتھوپیا کے وفد کے اعزاز میں دیئے گئے پیر سہاوہ میں ایک ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔


فوزیہ امین نے کہا کہ کسی بھی ملک کی معاشی ترقی میں خواتین کا بہت اہم کردار ہے اور کہا کہ پاکستان کی خواتین کاروبار سمیت دیگر شعبوں میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں جو قابل تعریف ہے۔انہوں نے دونوں ممالک کی خواتین کے درمیان قریبی تعاون کی اہمیت پر زور دیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ایتھوپیا کے وفد کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے درمیان کاروباری تعاون مزید مضبوط ہو گا۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو افریقی یونین میں ایک مبصر کا درجہ دلونے میں ایتھوپیا بھرپور تعاون کرے۔انہوں نے کہا کہ افریقی یونین ایک مضبوط فورم ہے اور اس میں ایک مبصر کا درجہ ملنے سے پاکستان افریقہ، جنوبی ایشیاء اور وسطی ایشیاء کے خطوں کے مابین تجارتی و معاشی تعلقات کو بہتر کرنے میں ایک مثبت کردار ادا کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایتھوپیا دلچسپی کے شعبوں میں کاروباری شراکتیں قائم کرنے پر توجہ دیں جس سے دونوں کے درمیان تجارت و برآمدات میں اضافہ ہو گا۔


پاکستان میں تعینات ایتھوپیا کے سفیر جمال بکر عبداللہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایتھوپیا کی ایئرلائن نے پاکستان کے ساتھ براہ راست پروازیں شروع کر دی ہیں جس سے دونوں ممالک کے درمیان کاروباری اور عوامی روابط مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے ایتھوپیا کے وفد کی شاندار میزبانی کرنے پر آئی سی سی آئی کے عہدیداران اور ممبران کا شکریہ ادا کیا۔چیمبر کے نائب صدر انجینئر اظہرالاسلام ظفر نے کہا کہ پاکستان اور ایتھوپیا ٹیکسٹائل، زراعت اور تعمیرات سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایتھوپیا کا سفارتخانہ کھلنے اور دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازوں کے اجراء سے دونوں کے کاروباری تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔


چیمبر کے سابق صدر اور گروپ لیڈر خالد اقبال ملک نے پاکستان میں سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے ایتھوپیا کے وفد کو آگاہ کیا اور کہا کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کر کے ان سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔چیمبر کے سابق صدر اور یو بی جی کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا کہ افریقہ اس وقت پوری دنیا کیلئے توجہ کا مرکز بن چکا ہے اور ایک ابھرتی ہوئی معیشت جبکہ ایتھوپیا ایئرلائن کی پروازوں کے اجراء سے پاکستان بھی اس دوڑ میں شامل ہو گیا ہے۔

Back to top button