بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے کی آڈیو لیک کی تحقیقات کے لیے خصوصی کمیٹی قائم

سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے نجم ثاقب کی آڈیو لیک کی تحقیقات کے لیے خصوصی کمیٹی قائم کر دی۔ سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے قائم کمیٹی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کی سربراہی محمد اسلم بھوتانی کو دی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی کے دیگر اراکین میں شاہدہ اختر علی، محمد ابوبکر، چودھری برجیس طاہر، شیخ روحیل اصغر شامل ہیں جبکہ سید حسین طارق، ناز بلوچ، خالد حسین مگسی، وجیہہ قمر اور ڈاکٹر محمد افضل خان ڈھانڈلہ بھی کمیٹی کے ارکان میں شامل ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی اپنی تحقیقات اور انکوائری کے سلسلے میں کسی بھی تحقیقاتی ادارے کی مدد لے سکے گی اور کمیٹی اپنی جامع تحقیقات کرکے رپورٹ قومی اسمبلی میں پیش کرے گی۔

واضح رہے کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے نجم ثاقب کی آڈیو سامنے آئی تھی جس میں وہ پی ٹی آئی کا انتخابی ٹکٹ دلانے کے بدلے ایک کروڑ 20 لاکھ کا تقاضا کر رہے ہیں۔ 

Back to top button