بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

اقلیتی اور آئین کے منافی فیصلے ناقابل برداشت ہیں، پیپلزپارٹی

پاکستان پیپلزپارٹی نے کور کمیٹی اجلاس کے بعد اعلامیے میں کہا ہے کہ اقلیتی اور آئین کے منافی فیصلے ناقابل برداشت ہیں لہٰذا سپریم کورٹ کے اکثریتی فیصلے پر عملدرآمد کیا جائے۔پیپلزپارٹی کور کمیٹی کا اجلاس زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ہوا جس کی صدارت مشترکہ طور پر صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کی۔ 

ایک بیان میں پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل فرحت اللہ بابر نے کہا کہ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ مذاکرات کے دروازے بند کرنا کسی مسئلے کا حل نہیں ہوتا،  اس مقصد کیلئے پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ اتحادی حکومت میں شامل تمام جماعتوں سے رابطہ کرکے سیاسی پارٹیوں میں مذاکرات کے نکتے پر ایک مشترکہ پوزیشن اختیار کی جائے۔

اعلامیے کے مطابق موجودہ بحران کی متعدد وجوہات ہیں جن میں سے ایک بات پر اصرار ہے کہ عدالت کا اقلیتی فیصلہ اکثریتی فیصلے پر فوقیت حاصل کر لے، اس مؤقف کا قانونی، اخلاقی اور سیاسی طور پر کوئی جواز نہیں اور اس پر نظرثانی کی جانی چاہیے، یہ بات اشد ضروری ہے کہ عدلیہ کی ساکھ اور عزت کو زک پہنچانے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے، اس کیلئے یہ ضروری ہے کہ عدلیہ کے متضاد فیصلوں کے مسئلے کو فوری طور پر حل کیا جائے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ آزادانہ اور منصفانہ عام انتخابات کیلئے تمام اسمبلیوں کے انتخابات ایک ہی دن کرائے جائیں جیسا کہ آئین میں کہا گیا ہے۔اعلامیے کے مطابق پارٹی نے اس بات کا اعادہ بھی کیا کہ آئین کے مطابق عام انتخابات کی تاریخ میں کسی قسم کی تاخیر نہ کی جائے۔

مزید پڑھیے  سیالکوٹ ایئرپورٹ کا رن وے مرمت کیلئے 16 روز کیلئے بند
Back to top button