بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

لبنان سے اسرائیل کے شمالی علاقوں پر راکٹوں سے حملہ

 لبنان سے اسرائیل کے شمالی علاقوں پر راکٹوں سے حملہ کیا گیا۔عرب میڈیا کے مطابق لبنانی سرزمین سے 100 کے قریب میزائل شمالی اسرائیلی علاقے میں داغے گئے ہیں۔اسرائیلی فوج نے داغے گئے میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ راکٹوں کا ہدف مغربی الجلیل میں یہودی بستیاں تھیں۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق راکٹوں کے ٹکڑے لگنے سے دو اسرائیلی شہری زخمی ہوئے جبکہ صیہونی فوج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے جنوبی لبنان کے علاقوں پر گولہ باری کی ہے۔

صیہونی میڈیا کے مطابق تازہ ترین صورتحال پر غور کے لیے وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے فوج اور سکیورٹی حکام کو طلب کر لیا جبکہ عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ لبنانی فوج بھی اسرائیل سرحد کے قریب علاقوں میں پہنچنا شروع ہو گئی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق لبنانی فوج نے اسرائیل پر حملے میں استعمال ہونے والے راکٹ پیڈز کی تلاش شروع کر دی ہے۔عرب میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ لبنانی سرحد کے قریب یہودی بستی میں راکٹ گرنے سے مقامی مارکیٹ میں آگ لگ گئی جبکہ راکٹ حملے کے بعد اسرائیل نے شمالی علاقوں میں جہازوں کی آمدورفت روک دی ہے۔

Back to top button