بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

اسرائیلی پولیس کے مسجد اقصیٰ پر حملے، قومی اسمبلی سے متفقہ قرارداد مذمت منظور

قومی اسمبلی کو آج بتایا گیا کہ حکومت پاکستانی افراد ی قوت باہر بھجوانے کیلئے مختلف ملکوں کے ساتھ رابطے میں ہے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے امور و انسانی وسائل کی ترقی کیوفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے وقفہ سوالات کے دوران ایوان کو بتایا کہ ان ملکو ں میں بلجیم، ڈنمارک، جرمنی ، یونان، عراق، اٹلی، کویت، لبنان، لیبیا، پرتگال اور رومانیہ شامل ہیں۔ پارلیمانی امور کے وزیر مرتضی جاوید عباسی نے ایوان کو بتایا کہ حکومت نے اسلام آباد کے پارکوں میں عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لئے اقدامات کئے ہیں۔

انہوں نے کہا حکومت نے وفاقی دارالحکومت میں دو نئے پارک بنانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ایک توجہ دلاو نوٹس کا جواب دیتے ہوئے پارلیمانی امور کے وزیر مرتضی جاوید عباسی نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران لوگوں کو ارزاں نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے وفاقی دارالحکومت میں سات سستے بازار قائم کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے تعین کا ایک طریقہ کار موجود ہے اور مجسٹریٹس قیمتوں پر عملدرآمد کی نگرانی کرتے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران ناجائز منافع خوری کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے اس دوران سڑسٹھ افراد کو گرفتار کیا گیا اور انہیں بھاری جرمانے بھی کئے گئے۔

مرتضی جاوید عباسی نے کہا کہ پہلی بار مستحق خاندانوں کو مفت آٹا فراہم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل معاشی صورتحال کے باوجود حکومت عام آدمی کو آسانی فراہم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔قومی اسمبلی نے آج متفقہ طور پر ایک قرار داد منظور کی جس میں مسجداقصی پر اسرائیل کے حالیہ حملوں کی شدید مذمت کی گئی۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما ناز بلوچ کی طرف سے پیش کی گئی قرار داد میں کہا گیا کہ خواتین اور بچوں پر حملے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ قرار داد میں کہا گیا کہ یہ ایوان فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہارکرتا ہے ، قرار داد میں مزید کہا گیا کہ ان حملوں سے دنیا بھر میں مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ ایوان نے انسانی حقوق کی تنظیموں سمیت عالمی برادری پرزور دیا کہ وہ اس ظلم پر اپنی خاموشی توڑے۔

مزید پڑھیے  مقامی حکومت ترمیمی بل 2022 کثرت رائے سے منظور
Back to top button