بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

توشہ خانہ کیس، عمران خان پیشی کیلئے زمان پارک سے روانہ

توشہ خانہ کیس کی سماعت میں پیشی کے لیے سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان زمان پارک سے اسلام آباد روانہ ہوگئے ہیں۔سابق وزیر اعظم عمران خان آج اسلام آباد میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ظفر اقبال کی عدالت میں پیش ہوں گے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے سیکیورٹی خدشات اٹھائے جانے کے بعد حکومت نے گزشتہ روز توشہ خانہ کیس کی سماعت ایف-8 کچہری کے بجائے جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد منتقل کر دی تھی۔

چیف کمشنر آفس اسلام آباد کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق عمران خان کے خلاف کیس کی سماعت کے لیے جوڈیشل کمپلیکس جی-11 میں کمرہ نمبر ایک مختص کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ صرف ایک مرتبہ کے لیے کیس کی سماعت کی جگہ منتقل کی گئی ہے۔

گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسلام آباد پولیس کو عمران خان کی گرفتاری سے روک دیا تھا، اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے عمران خان کی درخواست پر سماعت کی جس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت کی جانب سے جاری کردہ وارنٹ گرفتاری کو معطل کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔

ایک روز قبل ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے وارنٹ کی معطلی کے لیے عمران خان کی درخواست یہ کہتے ہوئے مسترد کر دی تھی کہ وہ اپنے طرز عمل کی وجہ سے کسی رعایت کے حقدار نہیں ہیں۔

Back to top button