بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

عدالت نے لیفٹیننٹ جنرل (ر) امجد شعیب  کو کیس سے ڈسچارج کردیا

اسلام آباد کی عدالت نے لیفٹیننٹ جنرل (ر) امجد شعیب  کو کیس سے ڈسچارج کردیا۔اسلام آباد پولیس نے لیفٹیننٹ جنرل (ر) امجد شعیب کو 27 فروری کو ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا تھا ان پر عوام کو اداروں کے خلاف اکسانے کا الزام ہے۔اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سِپرا نے امجد شعیب کو کیس سے ڈسچارج کردیا ہے۔

یاد رہے کہ تجزیہ کار لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب کو گزشتہ دنوں اداروں کے خلاف اکسانے اور نفرت پھیلانے کےکیس میں اسلام آباد پولیس نے ان  کی رہائش گاہ سے گرفتار  کیا تھا۔ ان کی آج دوران حراست ایک تصویر بھی وائرل ہوئی تھی ،سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب حوالات میں ہاتھ باندھے کھڑے ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ گرفتاری کے بعد امجد شعیب کو جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا، تھانہ رمنا کے تفتیشی افسر، پراسیکیوٹر اور امجد شعیب کی لیگل ٹیم بھی عدالت میں پیش ہوئی۔پراسیکیوشن کی جانب سے امجد شعیب کی 7 روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔ تاہم عدالت نے امجد شعیب کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر فیصلہ سناتے ہوئے ان کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا اور انہیں پولیس کے حوالے کردیا۔

Back to top button