بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

گرین شرٹس کو شکست دینے کے لیے انگلینڈ کو اچھا کھیلنا ہوگا، انگلش کوچ

انگلینڈ ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ برینڈن میک کولم کا کہنا ہے کہ گرین شرٹس کو شکست دینے کے لیے انگلینڈ کو اچھا کھیلنا ہوگا، شاہین شاہ کی عدم دستیابی پاکستان کیلئے بہت بڑا نقصان ہے۔راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے برینڈن میک کولم نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کے لیے بہت جذباتی شائقین ہیں، پاکستان میں اچھی مہمان نوازی کی جا رہی ہے۔برینڈن میک کولم کا کہنا ہے کہ عرب امارات میں بہترین کیمپ میں حصہ لیا، پاکستان میں آ کر اچھا لگ رہا ہے، دونوں ٹیموں نے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں اچھی ٹریننگ کی ہے۔ امید ہے مارک ووڈ دوسرے ٹیسٹ میچ میں دستیاب ہوں گے، راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے اچھی پچ بننے کی امید کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی ایک بہترین فاسٹ بولر ہیں، ان کی عدم دستیابی پاکستان کے لیے بہت بڑا نقصان ہے، پاکستان کا ٹیسٹ سکواڈ بہت اچھا ہے جو سینئرز اور جونیئرز کھلاڑیوں پر مبنی ہے۔انگلینڈ کے ہیڈ کوچ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے خلاف جارحانہ مزاج کی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے، پاکستان کے پاس ماضی میں بہترین فاسٹ بولرز آئے ہیں، پاکستان میں پہلی بار آکر خوشی محسوس کر رہا ہوں۔ پاکستان میں آئندہ چند ہفتے محظوظ ہو کر کرکٹ کھیلیں گے۔

Back to top button