
پاکستان اور آذربائیجان کا تعاون بڑھانے کا عزم
پاکستان اور آذربائیجان نے توانائی، سرمایہ کاری اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھا کر دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
یہ مفاہمت وزیر برائے نجکاری اور مواصلات عبدالعلیم خان اور آذربائیجان کے وزیر اعظم علی اسدوف کے درمیان باکو میں ہونے والی ملاقات میں طے پائی۔
عبدالعلیم خان نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع پر روشنی ڈالی، خاص طور پر سرکاری اداروں کی نجکاری کے پس منظر میں۔
انہوں نے آذربائیجان کو پاکستان کے موٹروے انفراسٹرکچر اور دیگر اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
دونوں فریقین نے معیشت، تجارت اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں آذربائیجان پاکستان اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے ترقی کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
پاکستانی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے آذری وزیراعظم علی اسدوف نے آذربائیجان اور پاکستان کے درمیان گہرے تعلقات کا اعادہ کیا۔















