بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

اسرائیل کا دورہ کرنے والے اینکر کو حکومت نے برطرف کردیا

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اسرائیل کا دورہ کرنے والے پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کے اینکر احمد قریشی کو برطرف کردیا۔اپنے بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھاکہ پاکستان مسئلہ فلسطین اور اسرائیل سے متعلق اپنے روایتی مؤقف پر سختی سے کاربند ہے، وزارت خارجہ واضح کرچکی ہے کہ پاکستان سے کوئی وفد اسرائیل نہیں گیا۔

انہوں نے کہا کہ سستی سیاسی شہرت کیلئے ہر منفی اقدام کرنے والے کسی قومی مفاد کا تو خیا ل کریں۔وزیراطلاعات نے بتایا کہ دورے میں شامل پی ٹی وی کے اینکر کو برطرف اور آف ائیر کردیاگیا ہے، مذکورہ اینکر اپنی ذاتی حیثیت میں دورے پر گیا تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے چارسدہ میں ورکرز کنونش سے خطاب میں کہا تھا کہ ایک تصویر آئی ہے کہ ایک پاکستانی وفد پہلی بار اسرائیل گیا، یہ اسرائیل کو تسلیم کرنے جا رہے ہیں، یہ لوگ بھارت سے بھی سمجھوتا کر کے کشمیریوں کو بیچیں گے۔

Back to top button