
انڈر 19 ایشیا کپ : سمیر منہاس اور احمد حسین کی سنچریاں ،پاکستان نے ملائشیا کو 297 رنز سے ہرادیا
پاکستان انڈر19 ٹیم نے انڈر 19 ایشیا کپ مینز ون ڈے ٹورنامنٹ کا آغاز ملائشیا انڈر 19 کے خلاف 297 رنز کی جیت سے کیا۔اس میچ کی خاص بات سمیر منہاس اور احمد حسین کی سنچریاں تھیں۔
گروپ اے کے اس میچ میں ملائشیا انڈر 19 نے ٹاس جیت کر پاکستان انڈر 19 کو بیٹنگ دی جس نے 50 اوورز میں 3 وکٹوں پر345 رنز سکور کیے۔
پاکستان کی جانب سے سمیر منہاس نے 11 چوکوں اور 8 چھکوں کی مدد سے 177 رنز بنائےاور آؤٹ نہیں ہوئے ۔احمد حسین نے 8 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 132 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان دونوں نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 293 رنز کا اضافہ کیا۔
ساتھنا کمارن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں ملائشیا کی ٹیم19 اعشاریہ 4 اوورز میں صرف 48 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔کوئی بھی بیٹر ڈبل فگرز میں نہ آسکا۔
علی رضا اور محمد صائم نے بالترتیب 11 اور27 رنز دے کر تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
دانیال علی خان نے 6 رنز دے کر2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان انڈر 19 ٹیم ٹورنامنٹ میں اپنا دوسرا میچ 14 دسمبر کو انڈیا انڈر19 کے خلاف کھیلے گی جبکہ 16 دسمبر کو آخری گروپ میچ میں وہ متحدہ عرب امارات انڈر 19 کے خلاف مدمقابل ہوگی۔
ٹورنامنٹ کا گروپ بی بنگلہ دیش ۔ سری لنکا افغانستان اور نیپال پر مشتمل ہے۔
ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز 19 دسمبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل 21 دسمبر کو ہوگا۔















