بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

گندم کی فی من قیمت 2200 روپے مقرر کر نے کی سفارش

پنجاب حکومت کی جانب سے گندم کی فی من قیمت 400 روپے اضافے سے 2200 روپے مقرر کر نے کی سفارش ، وفاقی وزراء نے مخالفت کر دی، امدادی قیمت میں اضافے کی صورت میں آٹے کی قیمت میں غیر معمولی اضافے کے خدشے کا اظہار۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کابینہ نے گندم کی فی من قیمت 2200 روپے مقرر کرنے کی سفارش وفاق کو ارسال کی ہے، تاہم وفاقی وزرا نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے قیمت پر اختلاف کیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پنجاب اور خیبرپختونخوا میں گندم کی امدادی قیمت خرید کے حوالے سے وفاقی وزرا کے اختلاف سامنے آئے ہیں، پنجاب کابینہ کی جانب سے گندم کی فی من قیمت 2200 روپے مقرر کرنے کی سفارش وفاق کو ارسال کی گئی ہے، جس پر اہم ترین وفاقی وزراء کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔

وفاقی وزرا نے مؤقف اختیار کیا کہ گندم کی امدادی قیمت خرید گزشتہ سال 1800 روپے فی من مقرر کی گئی تھی، اور اب یکمشت 400 روپے فی من اضافہ کرنے سے آٹا کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ ہوگا۔

دوسری جانب پنجاب کابینہ کی جانب سے ارسال کی گئی گندم اسپورٹ پرائس کی سمری اقتصادی رابطہ کمیٹی میں پیش کی جائے گی، وزیراعظم عمران خان اقتصادی رابطہ کمیٹی کی سفارشات پر وفاقی کابینہ میں غور کریں گے۔ وزیراعظم مشاورت کے بعد آئندہ چند روز میں حتمی فیصلہ کریں گے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپنی معاشی ٹیم کا اہم اجلاس بھی طلب کیا ہے۔ اجلاس کے دوران اہم معاشی معاملات زیر غور آئیں گے۔

Back to top button