بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

سید کلیم امام سیکرٹری نارکوٹکس کنٹرول ڈویژن تعینات

وفاقی حکومت نے پولیس میں اعلیٰ سطح پر تقرر و تبادلے کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس (این ایچ ایم پی) سید کلیم امام کو پولیس سروس آف پاکستان (پی ایس پی) گریڈ 22 کے افسر کی حیثیت سے سیکریٹری نارکوٹکس کنٹرول ڈویژن تعینات کردیا۔

 رپورٹ کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں پاکستان ریلوے پولیس میں بطور انسپکٹر جنرل خدمات انجام دینے والے گریڈ 21 کے پی ایس پی افسر انعام غنی کا تبادلہ کرکے انہیں این ایچ ایم پی کا انسپکٹر جنرل مقرر کردیا گیا ہے۔

اسی طرح گریڈ 22 کے پی ایس پی افسر فیصل شاہکار، جو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں تقرر کے منتظر تھے، انہیں ریلوے پولیس کا انسپکٹر جنرل تعینات کیا گیا ہے۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے حامد یعقوب شیخ کو ایک ہفتے کی مدت کے لیے وزارت خزانہ کے انچارج سیکریٹری کے عہدے پر تعینات کرنے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کیا کیونکہ موجودہ سیکریٹری چھٹیوں پر بیرون ملک گئے ہوئے ہیں۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ سیکریٹری خزانہ یوسف خان کے لیے 28 اکتوبر سے 4 نومبر تک چھٹیوں کی منظوری دی گئی ہے۔

اسی نوٹی فکیشن کے ذریعے حکومت کی جانب سے پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے 21 گریڈ کے افسر حامد یعقوب شیخ کو، جو سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقیات ہیں، ایک ہفتے کے لیے سیکریٹری خزانہ کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔

Back to top button