بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

قومی سکواڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے یو اےای پہنچ گیا

ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے پاکستان کا اسکواڈ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) پہنچ گیا۔

پاکستان کی کرکٹ ٹیم ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے دبئی پہنچ گئی ہے جہاں وہ عالمی ایونٹ کے لیے تیاریوں کا آغاز کرے گی۔

قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے متحدہ عرب امارات روانگی سے قبل ٹوئٹر پر پیغام میں کہا کہ شائقین کی سپورٹ ہمارے لیے بہت معنی رکھتی ہے لہٰذا وہ ہمارا ساتھ دیں، ہمیں سپورٹ کریں اور ہمارے لیے دعائیں کریں۔

فاسٹ باؤلر حسن علی نے روانگی سے قبل لی گئی اسکواڈ کی تصویر بسم اللہ لکھ کر ٹوئٹ کی جبکہ قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان نے دبئی روانگی سے قبل اپنے پیغام میں عوام سے سپورٹ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا یقین ہی ہماری سپر پاور ہے۔پاکستان کی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنی مہم کے آغاز سے قبل دو وارم اپ میچ بھی کھیلے گی۔

گرین شرٹس کا پہلا وارم اپ میچ دفاعی چیمپیئن ویسٹ انڈیز سے 18 اکتوبر کو ہو گا جبکہ دوسرا وارم اپ میچ 20 اکتوبر کو جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلا جائے گا۔

پاکستان کی ٹیم عالمی کپ میں اپنی مہم کا آغاز 24 اکتوبر کو روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ سے کرے گی جس کے بعد دوسرا میچ 26 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا جائے گا۔

عالمی کپ میں پاکستان کا تیسرا میچ 29 اکتوبر کو افغانستان سے ہو گا جس کے بعد 31 مارچ کو اگلا میچ کوالیفائر کے خلاف کھیلا جائے گا۔

پاکستان کی ٹیم ٹی20 ورلڈ کپ میں اپنا آخری گروپ میچ 7نومبر کو کوالیفائر کے خلاف کھیلے گی۔

ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کی 15 رکنی ٹیم کی قیادت بابر اعظم کریں گے جبکہ بقیہ کھلاڑیوں میں شاداب خان، آصف علی، سرفراز احمد، حیدر علی، حارث رؤف، حسن علی، عماد وسیم، شعیب ملک، محمد حفیظ، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم، شاہین آفریدی اور فخر زمان شامل ہیں۔

Back to top button